پنجاب کابینہ، کچے کے علاقے میں آپریشن کے اخراجات کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری

ہفتہ 15 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 13 ویں اجلاس میں کچے کے علاقے میں آپریشن کے اخراجات کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی گئی۔

محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں کابینہ کو کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کچے کے علاقے میں جاری آپریشن کے بارے میں بریف کیا اور اس موقع پر کابینہ نے جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیا۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے بعد پائیدار پلان کے تحت انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔

کابینہ کا مفت آٹا پیکیج پر اظہار اطمینان

کابینہ نے وزیراعظم پاکستان اور پنجاب حکومت کے تاریخ ساز مفت آٹا پیکیج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت حق دار کو اس کا حق دیا ہے۔ صوبائی وزراء، انتظامی عملے و پولیس افسران نے دن رات محنت کرکے مفت آٹا پیکیج کو کامیاب بنایا۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری مشینری نے ایک ٹیم ورک کے طور پر ڈلیور کیا جس پر میں شاباش دیتا ہوں۔

پنجاب کابینہ نے صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی کارکردگی کی سراہا۔

اجلاس میں آر پی اوز، کمشنرز، سی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور دیگر محکموں کے اسٹاف کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔

کابینہ اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چینی کی اسمگلنگ روکنے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے تمام ضروری انتظامی اقدامات کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ چینی کی اسمگلنگ روکنے کے لیے پنجاب کے خارجی راستوں کی سخت نگرانی جاری رکھی جائے اور قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے۔

وہاب ریاض کی رمضان المبارک اسپورٹس سیریز بارے بریفنگ

اجلاس میں صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض نے رمضان المبارک اسپورٹس سیریز کے تحت کھیلوں کے مقابلوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ٹورنامنٹ سپانسرڈ تھے حکومت نے سرکاری فنڈز استعمال نہیں کیے۔

اس کے علاوہ وہاب ریاض نے کابینہ کو تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ بہت جلد تحصیل سے لے کر صوبائی سطح تک مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔

اس موقع پر نگران کابینہ نے گلگت بلتستان میں لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے لیے جی بی کی حکومت سے معاہدہ کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے چلڈرن اسپتال کی نئی اسکیموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 میں شامل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

چلڈرن اسپتال اینڈ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور میں ایڈوانس پیڈیاٹرک ریڈیو تھراپی یونٹ کے قیام کے لیے اراضی مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر انتظام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

راولپنڈی،گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتالوں کے نام تبدیل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ غلام محمد آباد اسپتال فیصل آباد کا نام بھی تبدیل ہوگا۔

کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈ کے قیام کی منظوری بھی دی۔

سنڈیمن صوبائی اسپتال کوئٹہ میں میڈیکل اینڈ سرجیکل ٹاور کی فزیبلٹی سٹڈی اور ماسٹر پلاننگ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب سے کرانے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں کچے میں آپریشن کے دوران کشمور میں شہید ہونے والے ایس ایچ او کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp