’روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم میں دیکھنا شرمناک ‘،انڈیا کی شکست پر صارفین کے تبصرے

پیر 30 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میلبرن میں کھیلے جانے والی آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا کرکٹ  سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ انڈیا کی شکست پر سوشل میڈیا صارفین اپنی ٹیم کو خوب تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ خاص طور پر ویرات کوہلی اور روہت شرما کو شدید تنقید کا سامناہے۔

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آسٹریلیا نے انڈیا کو رلا رلا کر شکست دی ہے۔

امت سنگھ لکھتے ہیں کہ اپنی میراث کو برباد کرنےکے ذمہ دار روہت شرما اور ویرات کوہلی ہیں۔ اگر وہ اب بھی ریٹائر نہیں ہوتے تو سلیکٹرز کو بغیر کسی تاخیر کے انھیں باہر جانے کا دروازہ دکھانا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں انڈین ٹیم میں دیکھنا تمام شائقین کے لیے ذلت آمیز اور شرمناک ہے۔

سیون کرکٹ نامی ایک ایکس اکاؤنٹ نے ویرات کوہلی کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں سیریز کے مختلف میچز میں کیچ آؤٹ ہوتے دکھایا گیا ہے، کرکٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس سیریز میں ویرات کوہلی کے تمام آؤٹ ایک ہی جیسے طریقے سے ہوئے ہیں۔

صارفین نے خاص طور پر روہت شرما اور ویرات کوہلی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، نصیر اعوان لکھتے ہیں کہ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز دونوں کھلاڑیوں کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوئی ہے۔ اب انہیں چاہیے کہ جیسے عزت سے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ لی تھی اسی طرح اب عزت کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لیں اس سے پہلے کے ان کو ڈراپ کردیا جائے۔

چند صارفین جیسوال کو آؤٹ دیے جانے پر بھی تنقید کر رہے ہیں، روکی بھائی نامی صارف نے کہا کہ آسٹریلین ٹیم کی دھوکہ دہی کی تاریخ ہے وہ کھیل کر نہیں جیت سکتے۔ صارف نے کہا کہ جیسوال واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے لیکن تھرڈ امپائر نے دھوکہ دے کر انہیں آؤٹ قرار دیا جبکہ الٹرایج نے انہیں واضح طور پر ناٹ آؤٹ دکھایا۔

واضح رہے کہ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو بھارت پر 1-2 سے برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2025 تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp