شارک سب میرین کیبل کو نہیں کاٹ سکتی، چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان

بدھ 1 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ شارک سب میرین کیبل کو نہیں کاٹ سکتی، اگر آپ کسی اور چیز کو شارک کہتے ہیں تو وہ الگ بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں انٹرنیٹ سروس کی بندش اور سست روی پر بلاول بھٹو نے بھی سوال اٹھادیا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 7 سب میرین کیبلز ہیں، جبکہ 4 سے 5 مزید سب میرین کیبلز آرہی ہیں۔ رواں سال 2 افریقہ کیبل بچھانے کا کام مکمل ہوجائےگا۔

اجلاس میں وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کی جانب سے ملک میں انٹرنیٹ میں آنے والے خلل کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

حفیظ الرحمان نے کہاکہ 2016 سے یہ سلسلہ جاری ہے کہ جب بھی وزارت داخلہ کا خط آتا ہے انٹرنیٹ بند کردیا جاتا ہے، یہ میرے آنے سے پہلے کی پریکٹس ہے، لیکن آج پہلی بار پتا چلا کہ انٹرنیٹ کی بندش غلط ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزارت قانون اور وزارت داخلہ کی جانب سے اس حوالے سے لیگل رائے دی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتار اور بندش کا مسئلہ کچھ عرصے سے چلتا آرہا ہے، جس کے باعث تمام شعبہ ہائے زندگی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

گزشتہ دنوں وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ مکمل طور پر بند نہیں، تاہم سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ بند کرنا پڑتا ہے، کیونکہ ملک کی سیکیورٹی سے آگے کچھ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں خراب انٹرنیٹ سروس کیخلاف درخواست پر وزارتِ داخلہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جواب طلب

یہ بھی یاد رہے کہ ملک میں سیکیورٹی کی وجوہات کو بنیاد پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کو بھی بند رکھا گیا ہے، اور لوگ وی پی این کے ذریعے ’ایکس‘ تک رسائل حاصل کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp