پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ملک میں انٹرنیٹ سروس کی سست روی پر سوالات اٹھاتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ ’مچھلیاں صرف پاکستان کی انٹرنیٹ کیبلز کو ہی کیوں کاٹتی ہیں؟
یہ بھی پڑھیں:45 ہزار کلومیٹر طویل دنیا کی تیز رفتار انٹرنیٹ کیبل پاکستان پہنچ گئی
ہفتہ کے روز رتوڈیرو سندھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست رفتار پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ مچھلیاں زیر سمندر صرف پاکستان کی فائبر آپٹکس کیبل کو ہی کیوں کاٹتی ہیں۔
شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں اعلیٰ سفارت کار کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہماری نسل کا بنیادی ڈھانچہ ڈیجیٹلائزیشن، انٹرنیٹ اور اس کی رفتار ہے۔
مزید پڑھیں:آج کے دور میں موٹرویز کے بجائے انٹرنیٹ براڈ بینڈ انفراسٹریکچر ہے، بلاول بھٹوزرداری
واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں صارفین کو وقفے وقفے سے انٹرنیٹ میں خلل اور سست رفتاری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے نتیجے میں براؤزنگ کے ساتھ ساتھ میڈیا کو ڈاؤن لوڈ اور شیئرنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
’اوکلا اسپیڈ ٹیسٹ گلوبل انڈیکس ‘ کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ میں پاکستان 111 ممالک میں سے 100 ویں نمبر پر ہے جس کی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 20.61 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ اسپیڈ 8.53 ایم بی پی ایس ہے۔
دریں اثنا انڈیکس میں ملک کو براڈ بینڈ اسپیڈ میں 158 ممالک میں سے 141 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جس کی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 15.60 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ اسپیڈ 15.53 ایم بی پی ایس ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ کا ستیاناس کیوں کر دیا؟، ’یہ بات آئی ٹی منسٹر شزہ فاطمہ بھی نہیں جانتیں‘
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ حکومت کو انٹرنیٹ کی رفتار کم کرنے کے بجائے اس میں اضافہ کرنا چاہیے تھا، دُنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ہماری نئی نسل کا مستقبل بھی ڈیجیٹلائزیشن، انٹرنیٹ اور اس کی رفتار سے جڑا ہوا ہے۔