انگلش پریمیئر لیگ (ای پی ایل) سے دنیا بھر کے فٹبال شائقین جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں۔ سپورٹرز اپنی اپنی ٹیموں کی ہمت افزائی کے لیے پرہجوم اسٹیڈیمز کا رخ کرتے ہیں اور وہاں اپنے گیتوں اور نعروں کے ذریعے ایک جاندار ماحول بنادیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر سٹی نے پہلی بار ’یوئیفا چیمپئنز لیگ‘ کا ٹائٹل جیت لیا
اس حوالے سے مقبول ترین ٹیم مانچیسٹر یونائیٹڈ کے ایک پرستار نے تو ایک انوکھی مثال قائم کردی کیوں کہ وہ اپنے ملک منگولیا سے برطانیہ سائیکل پر پہنچ گیا۔ اس طرح منگولیا کے اس شہری اوچیرو بیٹبولڈ نے اولڈ ٹریفورڈ میں اپنی پسندیدہ ٹیم کا کھیل دیکھنے کے لیے سائیکل پر 14 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کیا۔
اپنے تجربے اور اس طویل راستے پر جانے کی وجہ بتاتے ہوئے اوچیرو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ میں نے اولڈ ٹریفورڈ میں اپنا پہلا میچ دیکھنے کے لیے منگولیا سے مانچیسٹر تک پورے راستے سائیکل پر ہی سفر کیا کیوں کہ میں مانچیسٹر یونائیٹڈ سے محبت کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ان کی اپنی پسندیدہ ٹیم مانچیسٹر سے محبت غیر متزلزل ہے۔
پریمیئر لیگ کے مطابق اوچیرو نے اپنے ملک منگولیا سے مانچیسٹر یونائیٹڈ کے اسٹیڈیم اولڈ ٹریفورڈ تک بذریعہ سائیکل پہنچنے کے لیے مئی 2023 میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
مزید پڑھیے: اسپین نے انگلینڈ کو ہرا کر پہلی بار فیفا کا ویمن فٹبال ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا
انہوں نے سنہ 2010 سے اپنی پسندیدہ ٹیم کی حمایت شروع کی ہے اور اس سے پہلے ستمبر 2010 میں لیورپول کے خلاف میچ بھی ان کی یادوں میں اب تک بسا ہے جس میں ان کی ٹیم 2 کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں دیمتر برباتوف نے شاندار ہیٹ ٹرک کی تھی۔
بیٹبولڈ نے دوران سفر کلب کو ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ منگولیا سے اولڈ ٹریفورڈ پہنچنے کے لیے اپنی سائیکل پر محو سفر ہیں کیونکہ وہ مانچیسٹر یونائیٹڈ سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وین رونی ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں اور مجھے ان کی کھیل کی اخلاقیات، استعداد اور مشکل صورتحال میں بھی ابھرنے کی صلاحیت سے بے پناہ محبت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب میں چھوٹا تھا تو میں ایک پیشہ ور فٹبالر بننا اور مانچیسٹر یونائیٹڈ کے لیے کھیلنا چاہتا تھا تاہم مجھے ایک مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس مقصد کے لیے ایک بڑی رقم بھی گنوادی تھی کیوں ایک نوسر باز نے خود کو فٹ بال ایجنٹ ظاہر کرکے مجھے جھانسا دیا تھا کہ وہ مجھے مانچیسٹر یونائیٹڈ میں بھرتی کروائے گا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی
روچیرو مانچیسٹر یونائیٹڈ میں تو شامل نہ ہوسکے لیکن بطور ٹیم کے مداح ان کی اپنی ٹیم سے محبت اور سپورٹ قائم و دائم ہے جس کا ایک ثبوت انہوں نے سائیکل پر ایک طویل ترین راستہ طے کر کے بھی دیا ہے۔