پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ پروٹیز کو پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
پروٹیز ٹیم سیریز کلین سویپ کرنے کے لیے جبکہ گرین شرٹس سیریز برابر کرنے کی سرتوڑ کوشش کرے گی۔ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز شان مسعود کریں گے جبکہ پروٹیز ٹیم کو ٹیمبا بوومالیڈ کر یں گے۔ دونوں ٹیمیں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے لیے بہترین حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ روز قومی کرکٹرز نے کیپ ٹاؤن میں بھرپور پریکٹس سیشن کیا، کھلاڑیوں نے 2 گھنٹے تک پریکٹس کی، جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں ایک فاسٹ بولر عامر جمال کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ فاسٹ بولر میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ قبل ازیں، دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی20 اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہین آفریدی نے بی پی ایل کے لیے جنوبی افریقہ ٹیسٹ کو خیر باد کیوں کہا؟
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 3 ٹی20 میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو 0-2 سے شکست دی تھی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ پاکستان کی ٹیم نے 3 ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان پروٹیز ٹیم کو 0-3 سے کلین سویپ کیا تھا۔