سعودی عرب نے سال 2024 میں مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی دِکھاتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی نمایاں حیثیت کو مضبوط کرتے ہوئے تعلیم، صحت، شہری ترقی، کھیل اور بین الاقوامی تعلقات کے میدانوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی گئیں، جو سعودی وژن 2030 کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب جنوری 2025 میں مختلف اہم کانفرنسز کی میزبانی کرےگا
تعلیمی میدان میں سعودی عرب کی کامیابیاں
تعلیمی میدان میں سعودی جامعات نے عالمی رینکنگ میں نمایاں مقام حاصل کیا، 20 جامعات کو QS کی بہترین جامعات کی فہرست میں شامل کیا گیا، جبکہ 34 جامعات ٹائمز ہائیر ایجوکیشن کی عالمی رینکنگ میں شامل ہوئیں، مزید برآں 12 جامعات دنیا کی بہترین ایک ہزار جامعات میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔
صحت کا شعبہ
صحت کے شعبے میں بھی سعودی عرب نے اپنی برتری ثابت کی، جہاں 5 اسپتالوں کو Brand Finance کی فہرست میں دنیا کے 100 بہترین اسپتالوں میں شامل کیا گیا، یہ کامیابی جدید طبی سہولیات اور اعلیٰ معیار کی صحت کی خدمات کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ سلمان کی قیادت میں سعودی عرب نے ملکی و عالمی سطح پر کیا کارہائے نمایاں انجام دیے؟
سعودی عرب کے 3 شہر عالمی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل
شہری ترقی میں سعودی عرب کے 3 شہروں کو یونیسکو کے عالمی تعلیمی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ 5 شہروں نے IMD کے اسمارٹ سٹیزانڈیکس میں اعلیٰ درجہ حاصل کیا۔ یہ کامیابیاں جدید طرز زندگی اور ترقی یافتہ بنیادی ڈھانچے کی عکاسی کرتی ہیں۔
فیفا ورلڈکپ کی میزبانی
کھیلوں کے میدان میں سعودی عرب نے FIFA 2034 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ مزید برآں عرب مسابقتی نیٹ ورک کی قیادت بھی سعودی عرب کے حصے میں آئی، جو عالمی کھیلوں میں ملک کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا مظہر ہے۔
بین الاقوامی عہدے
بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کو کئی اہم عہدے تفویض کیے گئے، جن میں ITUWTSA اور Codex کے اعلیٰ عہدے شامل ہیں، مزید برآں ریاض کو عرب سائبر سیکیورٹی کونسل کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جو اس شعبے میں سعودی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ سعودی عرب نہ صرف اپنی عوام بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ترقی اور خوشحالی کا مظہر بن رہا ہے۔ وژن 2030 کے تحت یہ پیشرفت آئندہ آنے والے سالوں میں سعودی عرب کی مزید کامیابیوں کا راستہ ہموار کرے گی۔