بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں کی۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید ایک گواہ طلعت محمود کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا، مقدمہ میں مجموعی طور پر 5 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جاچکے ہیں جبکہ 3 پر جرح بھی مکمل کی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں مزید تحقیقات کی ضرورت، اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری
سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ بن یامین کے بیان پر جرح مکمل نہ کی جا سکی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے جمعہ کے روز جرح کرنے کی استدعا کی گئی تاہم اس پر ایف ائی اے کے اسپیشل پبلک پروسیکیوٹرز نے اعتراض کیا۔
ایف آئی اے کے پروسیکیوٹرز کا موقف تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی، بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز عدالت میں موجود ہیں لہذا گواہ پر جرح کا عمل مکمل کیا جائے۔
مزید پڑھیں: توشہ خانہ 2 کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد
ایف آئی اے پروسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ آئندہ سماعت پر استغاثے کے مزید 2 گواہ نیب افسران قیصر محمود اور شفقت کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت پیش کیا جائے گا۔
اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔