اوباما اور ٹرمپ کی گفتگو پر کمالا ہیرس ناراض ہوگئیں؟ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

جمعہ 10 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سابق امریکی صدر باراک اوباما کو واشنگٹن میں امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر کی آخری رسومات کے موقع پر امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ طویل بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔

چرچ میں ٹرمپ اور اوباما کے ساتھ بیٹھے تھے اور دونوں کو طویل بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس موقع پر امریکا کی نائب صدر کمالا ہیرس بھی موجود تھیں جو اگلی نشست پر براجمان تھیں۔ وہ اوباما اور ٹرمپ کو دیکھ کر پیچھے مڑیں اور انہیں باتیں کرتا دیکھ کر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے اپنا منہ موڑ لیا۔ اس موقع پر صارفین کو کمالا ہیرس کا ردعمل کچھ ناخوشگوار دکھائی دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق نوبل انعام یافتہ امریکی صدر جمی کارٹر انتقال کر گئے، ان کی پاکستان کے ساتھ کون سی یاد وابستہ ہے؟

کسی نے کہا کہ شاید کمالا ہیرس ناراض ہو گئی ہیں تو کوئی یہ کہتا نظر آیا کہ وہ اوباما اور ٹرمپ سے حسد کر رہی ہیں جبکہ کئی صارفین کا خیال تھا کہ کمالا ہیرس کا ردعمل حیران کن ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے صارف نے لکھا کہ کمالا ہیریس کا ردعمل دیکھیں جب وہ ٹرمپ اور اوباما کو بات چیت کرتے ہوئے دیکھتی ہیں۔

ایک صارف نے باراک اوباما اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیو پر تبصرہ کرتےہوئے کمالا ہیرس کے ردعمل پر لکھا کہ میری ماں چرچ میں مجھے اور میرے بھائی کو ہنستے ہوئے دیکھ رہی ہے۔

جے نامی صارف نے کمالا ہیرس کے ردعمل پر لکھا کہ کوئی ٹرمپ اور اوباما کو باتیں کرتا دیکھ کر جل گیا۔

واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر جمی کارٹر کو تمام تر سرکاری اعزاز کے ساتھ جمعرات کو ان کے آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔

جمی کارٹر کے بعد صدارت کا عہدہ سنبھالنے والے پانچوں صدور بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش، باراک اوباما، ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن نے ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ سابق صدر 29 دسمبر کو 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ 1977 سے 1981 تک امریکا کے صدر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp