اسلام آباد میں ملزمان کی فائرنگ سے ایک ٹریفک کانسٹیبل شہید ہوگیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 2 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کا واقعہ تھانہ آئی نائن کے حدود میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کو روکنے پر پیش آیا۔
اس واقعے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کانسٹیبل زبیر شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم شہید نوجوان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔
مزید پڑھیں: شہری سے رشوت لینے پر اسلام آباد پولیس کا اہلکار نوکری سے برخاست
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔














