پنجاب پولیس نے پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی کرکٹ چیمیئنز ٹرافی کی سیکیورٹی کے لیے جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے۔
کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی کے لاہور اور راؤلپنڈی میں منعقدہ میچز کے دوران سیکیورٹی کی بنیادی ذمہ داری پنجاب پولیس کی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق میچز کے دوران سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے مجموعی طور پر 12564 پولیس جوان اور افسران تعینات کیے جائیں گے، لاہور میں 7618 اور راولپنڈی میں 4535 اہلکار سیکیورٹی خدمات سرانجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے:چیمپیئنز ٹرافی کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں پر مشاورت مکمل، کم سے کم قیمت کیا ہوگی؟
پنجاب پولیس میچز کے دوران فضائی نگرانی کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی بھی مدد حاصل کرے گی جبکہ سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسپیشل برانچ کے 4 سو سے زائد افسران کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی آمدورفت کے روٹ کی نگرانی کے لیے سیف سٹی کیمروں کی بھی مدد لی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:چیمپیئنز ٹرافی: شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کے لیے آئی سی سی نے نیا پرومو جاری کردیا
پولیس افسران کے مطابق اس اہم بین الاقوامی ایونٹ کے دوران سیکیورٹی کو فُل پروف بنایا جائے گا جبکہ کھلاڑیوں کو ’اسٹیٹ گیسٹ‘ کا درجہ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان میں ہونے جارہا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:پشاور کے کرکٹ شائقین اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے سے محروم کیوں؟