انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا ہے جس میں ایک پاکستانی کرکٹر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، ٹی20 ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بھارت کے روہت شرما کو بنایا گیا ہے۔ مجموعی طور پر بھارت کے 4 کھلاڑیوں کو اس ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جن میں ہاردیک پانڈیا، جسپریٹ بمراہ اور ارشدیپ سنگھ بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے 2024 کی بہترین ایک روزہ ٹیم کا اعلان کردیا، کتنے پاکستانی کھلاڑی شامل؟
علاوہ ازیں، آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان، سری لنکا، زمبابوے، افغانستان اور ویسٹ انڈیز سے ایک، ایک کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹی20 ٹیم آف دی ایئر میں پاکستان کی جانب سے بابراعظم کو شامل کیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹریوس ہیڈ، فل سالٹ، نکولس پورن، سکندر رضا، ونندو ہسرنگا اور راشد خان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل آئی سی سی نے 2024 کے لیے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین ٹیموں کا اعلان کیا تھا۔ آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ٹیم آف دی ایئر2024 میں پاکستان کے 3 کھلاڑی تھے جن میں صائم ایوب، حارث رؤف، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں، تاہم ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں کوئی پاکستانی کرکٹر جگہ نہ بنا سکا۔