ایک وقت تھا کہ عید سے پہلے ’’عید کارڈز‘‘ کا انتظار رہتا تھا، یہ کارڈز دوست احباب اور رشتہ دار ایک دوسرے کو ڈاک کے ذریعے بھیجا کرتے تھے۔ لیکن پھر وقت نے پلٹا کھایا اور ’’کارڈز‘‘ کی جگہ ’’موبائل فون‘‘ نے لے لی۔
پہلے عید سے قبل ہی عید کے نیک پیغامات موصول ہوجاتے تھے لیکن اب عید کی صبح موبائل پر نظر پڑتے ہی بے شمار پیغامات آپ کے منتظر رہتے ہیں اور کئی پیغامات تو ایسے ہوتے ہیں جو کئی دوست احباب بغیر پڑھے ہی آگے فارورڈ کر دیتے ہیں جیسے بس جان چھڑوانی ہو۔
موبائل فون کے علاوہ اب دنیا نے اور بھی بہت سے رنگ بدل دئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کے انداز بھی بدل چکے ہیں جس کی وجہ سے اب سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے کو عید مبارک باد کے پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔۔
عید سے قبل اور اس دوران نہ جانے کون کون مبارکباد کے میسیج بھیجتا ہے۔ فون ہر وقت میسیج ریسیو کرنے میں مصروف رہتا اور الجھن کا باعث ہوتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے کیا کیا جائے؟ ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتاتے ہیں جن کو اپنا کر آپ عید کے موقع پر اپنے ان باکس کو منیج کر سکتے ہیں۔
خودکار جوابات یا آٹو ریپلائی
خودکار جوابات یا آٹو ریپلائی کا استعمال کریں، ایک خودکار جوابی پیغام میں پیغام بھیجنے والے شخص کا شکریہ ادا کریں اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کریں۔ اس سے آپ کا وقت بھی بچ جائے گا اور لوگوں کی توقعات پر پورا نہ اترنے کا ڈر بھی نہیں رہے گا۔
وقت مختص کریں
عید کے پیغامات بھیجنے کے لئے وقت مختص کریں اور اسی وقت میں مبارکباد کے پیغامات اپنے سب دوستوں اور رشتہ داروں کو بھیج دیں اور آئے ہوئے پیغامات کا جواب بھی ساتھ ساتھ دیتے رہیں ۔ اس وقت کے علاوہ اپنے واٹس ایپ یا جس بھی موبائل ایپ کو آپ اپنے پیغام رسانی کے لیے استعمال کرتے ہیں اس کی نوٹیفیکیشن آف کردیں۔
ترجیحات
ترجیحی بنیادوں پر پیغامات کے جواب دیں، پہلے قریبی خاندان اور دوستوں کے پیغامات کو ترجیح دیں، اور ان کا فوری جواب دیں جبکہ ایسے افراد جن کو جواب اگر دیر سے بھی دے دیا جائے تو کوئی حرج نہیں ان کو جواب دینے آپ وقت لے سکتے ہیں۔
نظر انداز یا میوٹ
نظر انداز کریں یا میوٹ کردیں، اگر کوئی شخص یا کسی واٹس ایپ کے گروپ میں بہت سے پیغامات آرہے ہیں اور اس سے آپ الجھن کا شکار ہورہے ہیں تو اس گروپ کو عارضی طور پر میوٹ کرنے پر غور کریں۔ بعد میں جب آپ کو لگے کہ اب آپ کے پاس کچھ فارغ وقت ہے تو انہیں چیک کر سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل ڈیٹوکس
ڈیجیٹل ڈیٹوکس کی پریکٹس کرنا ایک اچھا آپشن ہوسکتا ہے، عید کے دوران اپنے فون یا سوشل میڈیا سے تھوڑی دیر کے لیے بریک لینے پر غور کریں تاکہ
پیغامات کو مسلسل چیک کرنے اور ذہنی تناؤ سے بچا جا سکے۔
فوکس موڈ
فوکس موڈ موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے روکنے کا ایک ٹول ہے۔ یہ ڈو ناٹ ڈسٹرب سے ملتا جلتا ہے لیکن کم پیچیدہ اور زیادہ اچھے طریقے سے آپ کو موبائل فون پر غیر ضروری نوٹیفیکیشنز اور ایپس کے استعمال سے روکتا ہے۔ جیسا کہ آپ چاہتے ہیں کہ عید کے دنوں میں آپ غیر ضروری پیغامات سے بچے رہیں تو فوکس موڈ کے ذریعے آپ بریک لے سکتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ عید کی تقریبات کے دوران اپنی ذہنی اور جذباتی صحت کو ترجیح دینا ضروری ہے، لہذا اگر آپ کو ضرورت ہو تو اپنے ان باکس سے بریک لینا اور لوگوں کے پیغامات کے جواب نہ دینے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔