لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 2 ہزار یتیم، بیوہ اور بے گھر افراد کے لیے افطار و عیدی کا اہتمام

منگل 18 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اور یو ایم ٹی کے تعاون سے 2 ہزار یتیم بچوں، بیوہ خواتین اور اولڈ ایج ہومز میں رہنے والے بزرگ افراد کے لیے لاہور میں گرینڈ افطار اورعید تحائف کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں یتیم بچوں کے لیے جمپنگ کیسل، فیس پینٹنگ، میجک شو اور بچیوں کے لیے مہندی کے اسٹال کا خاص اہتمام کیا گیا تھا جبکہ بچوں اور معمر افراد میں عیدی، کپڑے اور دیگر تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ یتیم بچے اوریہ بے گھر بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا توجہ طلب طبقہ ہیں اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کے لیے کی جانے والی کاوشیں اور اقدامات قابل تحسین ہیں۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ ہمیں اس نیک مقصد کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر معاشرے کے اس نادار اور مستحق طبقے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پڑھیں، آگے بڑھیں اور اپنے ہنر سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ان بچوں اور بزرگوں کی خدمت میں شب و روز کوشاں ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن 22 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے اور رمضان میں افطار کے ساتھ ساتھ ان بچوں کے لیے خریداری اور تحائف کا اہتمام بھی کر رہی ہے جس کا مقصد یتیموں، بیوا خواتین اور  بے گھر بزرگ مرد اور عورتوں کی احساس محرومی ختم اور انہیں رمضان اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔

فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ یتیم بچوں اور بے سہارا معمر افراد کا بھی حق ہے کہ انہیں رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کیا جائے۔

ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے بتایا کہ اسی احساس کے ساتھ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار ہر سال کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کے ساتھ مل کر یتیم بچوں، اُن کی ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بے گھر خواتین و حضرات کے لیے افطار اور عید تحائف کا اہتمام کرتے ہیں

انہوں نے کہا کہ عید کے تحائف  کا اہتمام الخدمت کے رضاکار کرتے ہیں اور بچوں کے لیے ایسا خوبصورت میلہ لگاتے ہیں تاکہ انہیں بھی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت میں ہم ان یتیم بچوں کو با ہمت بچے اور ان کی بیوہ ماؤں کو باہمت مائیں کہتے ہیں اور یہی پیغام دوسروں کو بھی دینا چاہتے ہیں۔

تقریب کا مقصد یتیم بچوں اور بے گھر بزرگوں کو درپیش مسائل اور اجتماعی ذمہ داریوں کا شعور اجاگر کرنا اور رمضان اور عید کی خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک کرنا تھا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر حبیب بلال، لاہور کے صدر انجینئر احمد حماد، نائب صدر چوہدری محمد سلیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مغیث قریشی اور والنٹیز ہیڈ سنان اکبر سمیت یوتھ سوسائٹیز  کے نمائندگان، یتیم بچوں، اُن کی باہمت ماؤں اور اولڈ ایج ہوم کے بزرگوں سمیت زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نظامت کے فرائض سینیئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے سر انجام دیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp