اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوسری ہائیکورٹس سے تین ججوں کے تبادلے کے بعد نئی سنیارٹی لسٹ جاری کردی گئی۔
نئی سنیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس سرفراز محمود ڈوگر سینیئر پیونی جج ہوں گے، جبکہ محسن اختر کیانی دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں دوسرے صوبوں سے ججز کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلہ خوش آئند، سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن
سنیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا تیسرا اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کا چوتھا نمبر ہے۔
نئی سنیارٹی لسٹ میں جسٹس بابر ستار پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق کا چھٹا نمبر ہے۔
سنیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس ارباب محمد طاہر ساتویں نمبر پر ہیں، جبکہ جسٹس ثمن رفعت کا آٹھواں نمبر ہے۔ اس کے علاوہ جسٹس خادم حسین سومرو نویں اور جسٹس اعظم خان دسویں نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ سنیارٹی لسٹ میں جسٹس آصف کا گیارہواں اور جسٹس انعام امین منہاس کا بارہواں نمبر ہے۔
ایڈیشنل رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئی سنیارٹی لسٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوسری ہائیکورٹس سے تین ججوں کے تبادلوں کے بعد سنیارٹی لسٹ تبدیل ہوئی ہے، اس سے قبل جسٹس محسن اختر کیانی عدالت عالیہ کے سینیئر جج تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی تبدیل
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی بھی تبدیل ہوگئی ہے، اور نئی کمیٹی کے چیئرمین چیف جسٹس عامر فاروق ہوں گے۔
اس کے علاوہ کمیٹی کے ممبران میں جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس خادم حسین سومرو شامل ہیں۔
ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کردی گئی
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جہاں دیگر انتظامی تبدیلیاں ہوئی ہیں وہیں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی بھی تبدیل کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد ہائیکورٹ کا ڈیوٹی روسٹر جاری، 3 نئے ججز بھی شامل
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی میں ہائیکورٹ کے سینیئر جج جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان شامل ہوں گے۔














