’ہم لُٹ گئے تیری محبت میں‘، پاکستان آنیوالی امریکی خاتون نامراد وطن لوٹ گئی

جمعہ 7 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی لڑکے سے محبت میں امریکا سے کراچی آنے والی امریکی خاتون نامراد امریکا واپس لوٹ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کی رہائشی اور اونیجا اینڈریو رابنسن نامی یہ خاتون 4 ماہ سے کراچی میں ہی بھٹک رہی تھیں تاہم اب وہ امریکا واپسی کے لیے فلائی کرچکی ہیں اور براستہ دبئی وطن واپس پہنچیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا محبت میں ناکام امریکی خاتون وطن واپسی پر آمادہ ہو گئیں؟

یاد رہے کہ اونیجا 11 اکتوبر کو ایک نوجوان کی محبت میں پاکستان کے ایک ماہ کے سیاحتی ویزے پر کراچی آئی تھیں اور ویزا ختم ہونے پر ان کو 10 نومبر تک ملک چھوڑ جانا تھا لیکن وہ واپس نہیں گئیں اور کئی ماہ کراچی کی خاک چھانتی اور پولیس کو مشکل میں ڈالتی رہیں جو ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشان ہوکر ان کا پیچھا کرنے پر مجبور رہتی تھی۔

’زمیں جنبد نہ جنبد گل محمد‘

گورنر سندھ کی مداخلت پر 27 جنوری کو 15 دن کے لیے ایگزٹ پرمٹ جاری کیا گیا اور ایک فلاحی ادارے نے خاتون کے امریکا واپسی کے لیے جہاز کے ٹکٹ کا بندوبست کردیا تھا۔ تاہم خاتون کو 29 جنوری کو امریکا واپس بھیجنے کی کوشش کی گئی لیکن ایئرپورٹ پر تمام مراحل سے گزر کر خاتون نے اچانک واپس جانے سے انکار کردیا تھا اور جہاز تک پہنچنے کے بعد ایئر لائن اسٹاف کو انہیں زبردستی واپس بھیجنے کی شکایت کی جس پر ایئر لائن نے انہیں آف لوڈ کردیا تھا۔

جناح اسپتال میں علاج

بعد ازاں خاتون ائیرپورٹ سے ٹیکسی میں بیٹھ کر کراچی کے علاقے گارڈن میں مبینہ دوست کے گھر کے باہر پہنچ گئیں اور کئی دن وہاں قیام کیا پھر ایک فلاحی ادارے نے انہیں پناہ دی جس دوران طبیعت خراب ہونے پر خاتون کو چند روز قبل جناح اسپتال کے خصوصی وارڈ میں داخل کیا گیا تھا جہاں خاتون میں بائی پولر ڈس آرڈر کی تشخیص ہوئی تھی۔

مزید پڑھیے: کراچی: محبت میں دھوکا کھانے والی امریکی خاتون لڑکے کے گھر پہنچ گئی

کئی دن کے علاج کے بعد جناح اسپتال میں خاتون کو 5 رکنی میڈیکل بورڈ نے جمعے کی شام ہی سفر کے لیے فٹ قرار دے کر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا تھا۔

خاتون کو او پی ڈی کی ریگولر دوائیں دے کر پولیس کی تحویل میں اسپتال سے ایئرپورٹ کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔

قبل ازیں امریکی قونصلیٹ نے امریکی خاتون کی اسپتال میں عیادت کے دوران انہیں وطن واپسی پر آمادہ کرتے ہوئے ان کے ٹکٹ کا بندوبست کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp