سہ فریقی کرکٹ سیریز: جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں پاکستان نے کون سے 2 نئے ریکارڈ قائم کیے؟

بدھ 12 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے سہ فریقی کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے میچ میں ایک روزہ کرکٹ میں قومی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں سب سے بڑی پارٹنرشپ قائم کرنے کا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سہ فریقی سیریز: پاکستان جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا، رضوان اور سلمان کی شاندارسینچریاں

بدھ کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ فریقی کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو مقررہ 50 اوورز میں 353 رنز کا ہدف دیا جسے پاکستان نے چوتھی اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 49 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔

پاکستان کے لیے کرکٹ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ہدف تھا جسے پاکستان نے 49 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اس سے قبل پاکستان نے ایک روز میچوں میں سب سے بڑا ہدف 31 مارچ 2022 کو آسٹریلیا کے خلاف لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں حاصل کیا تھا، اس میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 349 رنز کا ہدف 49 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔

مزید پڑھیں:پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف پاور پلے میں اپنا ریکارڈ توڑ دیا

پاکستان نے آسٹریلیا سے قبل 10 اکتوبر 2023 کو بھارت کے شہر حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 345 رنز کا ہدف 48.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیا تھا، یہ پاکستان کی جانب سے ملک سے باہر پہلا بڑا ہدف تھا جسے حاصل کیا گیا۔

دوسری جانب سہ فریقی کرکٹ سیریز میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی بیٹرز کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے چوتھی وکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی شراکت قائم کرنے کا بھی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان نے صرف 229 گیندوں پر 260 رنز کی شراکت قائم کی، اس شراکت میں کپتان محمد رضوان نے 128 گیندوں پر ناقابل شکست 122 رنز بنائے جبکہ سلمان آغا نے 103 گیندوں پر 134 رنز بنائے۔

یہ بھی  پڑھیں: سہ ملکی سیریز: کراچی میں میچز کے دوران جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا

اس سے قبل چوتھی وکٹ کی شراکت میں 206 رنز کی سب سے بڑی پارٹنر شپ پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک اور محمد یوسف کے درمیان قائم ہوئی تھی، دونوں بلے بازوں نے 26 ستمبر 2009 کو سینچورین کرکٹ گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف یہ پارٹنر شپ قائم کی تھی۔

اس میچ میں شعیب ملک نے 16 چوکوں کی مدد سے 126 گیندوں پر 128 رنز اسکور کیے تھے جبکہ محمد یوسف نے 7 چوکوں کی مدد سے 88 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے تھے، اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp