بابراعظم نے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا، ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل

جمعہ 14 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی بلے باز بابر اعظم ایک روزہ کرکٹ میں مشترکہ طور پر تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 123 اننگز میں 6 ہزار رنز بنا کر ہاشم آملہ کا ریکارڈ برابر کیا ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 10واں رن لیتے ہی انہوں نے یہ سنگِ میل عبور کیا۔ تاہم وہ 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ بابراعظم یہ کارنامہ انجام دینے والے تیز ترین ایشین بھی ہیں کیونکہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 136 اننگز میں 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ یہی نہیں بابر اعظم 6 ہزار رنز بنانے والے 11ویں پاکستانی بلے باز بھی ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، بابر اعظم کی بادشاہت برقرار

بابر اعظم سے قبل انضمام الحق، محمد یوسف، سعید انور، شاہد آفریدی، شعیب ملک، جاوید میانداد، یونس خان، سلیم ملک، اعجاز احمد اور محمد حفیظ بھی ایک روزہ میچوں میں 6 ہزار ون ڈے رنز بنا چکے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ تیز ترین 6 ہزار رنز بنانے والے ٹاپ ٹین کھلاڑی کون کون ہیں:

سوراو گنگولی: 147 اننگز میں 6 ہزار رنز

سابق بھارتی کپتان کو 6 ہزار رنز مکمل کرنے میں قریباً 9 سال لگے۔ انہوں نے یہ سنگ میل 2000 کی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران شارجہ میں عبور کیا۔ جب گنگولی نے 66 رنز کے ساتھ بھارت کے لیے سب سے زیادہ اسکور کیا اور زمبابوے کے خلاف فتح حاصل کی۔

کوئٹن ڈی کوک: 142 اننگز میں 6 ہزار رنز

ڈی کوک اب ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلتے، لیکن جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر اپنے وقت میں پروٹیز کے ساتھ بین الاقوامی کھیل کے درمیانی فارمیٹ میں کافی کامیاب تھے۔ انہوں نے 2023 میں بلویمفونٹین میں آسٹریلیا کے خلاف شکست خوردہ میچ کے دوران 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

مزید پڑھیں: ‘آپ لوگ میچ دیکھنے کیوں نہیں آتے؟’ بابر اعظم کا کراچی والوں سے شکوہ

جو روٹ: 141 اننگز میں 6 ہزار رنز

روٹ 7 ہزار ون ڈے رنز تک پہنچنے کے قریب ہیں، لیکن وہ 6 ہزار رنز تک تیز ترین پہنچنے والوں میں بھی شامل ہیں۔ انہیں یہ کامیابی 2021 میں چیسٹر لی اسٹریٹ میں سری لنکا کے خلاف میچ جیتنے والی 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے دوران حاصل ہوئی تھی۔

ویون رچرڈز: 141 اننگز میں 6 ہزار رنز

ویون رچرڈز اس فہرست میں واحد بیٹر ہیں جو سابق دور سے تعلق رکھتے ہیں۔ رچرڈز جدید دور کے بیٹرز اور اعدادوشمار میں بھی اپنا مقام برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سپر اسٹار نے 1989 میں برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے، تاہم وہ 18 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے تھے۔

شبھمن دھون: 140 اننگز میں 6 ہزار رنز

دھون بھی ڈی کوک کی طرح ون ڈے کرکٹ کھیلنا چھوڑ چکے ہیں، لیکن اس سے قبل انہوں نے بین الاقوامی کھیل پر بڑا اثر ڈالا۔ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک بھارت کے اوپری آرڈر میں اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ ان کے 6 ہزار رنز 2021 میں کولمبو میں سری لنکا کے خلاف مکمل ہوئے، جب انہوں نے 86 رنز ناقابل شکست بنائے تھے۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم اور محمد رضوان نے ساجد خان کی خواہش پوری کردی

ڈیوڈ وارنر: 139 اننگز میں 6 ہزار رنز

وارنر کے پاس ون ڈے کرکٹ میں 6,000 رنز تک پہنچنے والے سب سے تیز بائیں ہاتھ والے بیٹر کا ریکارڈ ہے۔ ان سے اوپر تمام بیٹرز دائیں ہاتھ والے ہیں۔ اس آسٹریلوی عظیم کھلاڑی نے یہ کارنامہ 2021 میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بہترین کھلاڑی کی کارکردگی کے دوران حاصل کیا۔

کین ولیمسن: 139 اننگز میں 6 ہزار رنز

ولیمسن نے حال ہی میں ان کھلاڑیوں کی مشہور فہرست میں شامل ہو کر سب سے تیز 7 ہزار ون ڈے رنز مکمل کیے۔ وہ 6 ہزار رنز تک پہنچنے میں بھی اس فہرست میں اوپر ہیں۔ انہوں نے 6 ہزار رنز 2019 میں لارڈز میں آسٹریلیا کے خلاف بنائے تھے۔

ویرات کوہلی: 136 اننگز میں 6 ہزار رنز

بھارتی اسٹار ویرات کوہلی سب سے تیز 6 ہزار ون ڈے رنز تک پہنچنے والے کھلاڑی تھے، تاہم ہاشم آملہ نے ایک سال بعد یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا تھا۔ کوہلی کو یہ کارنامہ انجام دینے میں 8 سال سے تھوڑا زیادہ وقت لگا، اور یہ ریکارڈ 2014 میں حیدرآباد میں سری لنکا کے خلاف بنا۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کردی، بابر اعظم کی ترقی

ہاشم آملہ: 123 اننگز میں 6 ہزار رنز

جنوبی افریقہ کے اسٹار بلے باز ہاشم آملہ کے پاس ون ڈے کرکٹ میں سب سے تیز 6 ہزار رنز تک پہنچنے کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 2015 میں بھارت کے خلاف ممبئی میں انجام دیا، جہاں انہوں نے ایک اننگز میں صرف 23 رنز بنائے جبکہ اسی اننگز میں 3 دیگر پروٹیز بلے بازوں نے سینچریاں اسکور کی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp