قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے کراچی کے شہریوں سے میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم نہ آنے کا شکوہ کردیا۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے بعد افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کل کے میچ اور چیمپیئنز ٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا
انہوں نے کہاکہ ٹیم کو شائقین کرکٹ کی سپورٹ چاہیے، لیکن کراچی والوں سے شکوہ ہے کہ یہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں نہیں آتے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہاکہ لاہور کی طرح کراچی کا اسٹیڈیم بھی خوبصورت ہے، اب امید ہے کہ ہمارے نتائج بھی خوبصورت ہی ہوں گے۔
تقریب میں نائب کپتان سلمان علی آغا نے کہاکہ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے آئی ہے جس سے لگتا ہے کہ میچ دیکھنے بھی ضرور آئیں گے۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہاکہ کراچی والوں کی جانب سے ہمیشہ ٹیم کو سپورٹ کیا جاتا ہے، امید ہے کل بھی شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں آئیں گے۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کراچی والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہی سپورٹ ہمیں چیمپیئنز ٹرافی میں چاہیے ہوگی۔ جبکہ حارث رؤف کا کہنا تھا کہ جب اسٹیڈیم میں لوگ آتے ہیں تو ہم انہیں انجوائے کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں ہمیں اپنی ٹیم پر اعتماد، ایک آدھ میچ کی ہار پر ناراض نہیں ہونا چاہیے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی
فخر زمان نے کہاکہ کراچی کے لوگوں کے حوالے سے مشہور ہے کہ اسٹیڈیم میں کم ہی آتے ہیں لیکن آج افتتاحی تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے۔