کراچی شہر میں حالیہ دنوں بڑھتے ٹریفک حادثات پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو ایک اور خط لکھ دیا۔
ترجمان گورنر سندھ کے مطابق کامران ٹیسوری نے خط میں لکھا کہ شہر میں انتظامی غفلت اور قانون سے روگردانی کی وجہ سے حادثات ہورہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی، واٹرٹینکر اور ڈمپر نے پولیس اہلکار سمیت 4 افراد کی جان لے لی
گورنرن سندھ نے لکھا کہ حال ہی میں ایک ہی دن میں 4 شہریوں کی ہلاکت سنگین مسئلہ ہے، سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے کہ صبح 7 سے رات 11 بجے تک بھاری ٹریفک کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں، عدالتی فیصلے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے، بہت سے ڈرائیور حادثات کے بعد موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔
گورنر سندھ نے سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کو لکھا کہ امید ہے کہ سندھ ہائیکورٹ اس ضمن میں اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: سندھ میں ایک لاوا ہے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے، فاروق ستار
واضح رہے کہ گورنر سندھ نے اس سے قبل بھی 7 فروری کو کراچی میں ڈمپر اور ٹینکر کے حادثات میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ اور آئی جی سندھ کو خط لکھ دیا تھا۔
یاد رہے کہ یکم جنوری 2025 سے اب تک کراچی شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 108 شہریوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔