بلوچستان حکومت نے ایک انقلابی اقدام کرتے ہوئے نوجوان پائلٹس کے لیے ایک جامع پروگرام کی منصوبہ سازی کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان دوران زچگی خواتین کے انتقال کی شرح سب زیادہ، 30 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار
وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے بتایا کہ نوجوان پائلٹس کے لیے انقلابی اقدام وائی پی ڈی پی 1 پروگرام پاکستان میں کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے پہلی بار کیا جارہا جو ہوابازی کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوان پائلٹس کو 200 اضافی فلائٹ آورز کی تربیت دی جائے گی جس سے ان کے عملی مہارتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹس کو نہ صرف معیاری تربیت دی جائے گی بلکہ انہیں مالی معاونت کے طور پر وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
مزید پڑھیے: بلوچستان میں خواتین کی فلم سازی اور ڈاکومنٹری میکنگ
شاہد رند کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور وائی پی ڈی پی 1 بلوچستان میں ہوابازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس اقدام سے بلوچستان کے نوجوانوں کو عالمی ہوابازی کے میدان میں مسابقت کے قابل بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کی ترجیح ہے کہ ہوابازی کے شعبے میں مزید مواقع پیدا کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو ایک نیا افق فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: کیا گورنر بلوچستان صوبائی حکومت کارکردگی سے مطمئن نہیں؟
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر اس پروگرام کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔