’صفا کوئٹہ‘ پراجیکٹ کے توسیع منصوبے کا افتتاح

بدھ 19 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ’صفا کوئٹہ‘ پراجیکٹ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا ہے۔

’صفا کوئٹہ‘ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا گھر ہے جس کی صفائی ستھرائی کے لیے ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے، شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ ڈویژن کے لاتعداد مسائل ہیں جو چند ماہ میں حل نہیں ہو سکتے، کمشنر کوئٹہ ڈویژن

میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ جب کوئی خواب حقیقت میں ڈھلتا ہے تو باعث مسرت ہوتا ہے، میں آج انتہائی خوشی محسوس کررہا ہوں اور اس خوشی کا سب سے زیادہ کریڈٹ ان بچوں کو جاتا ہے جو نیلے یونیفارم میں ملبوس ہو کر مشکل حالات میں کوئٹہ میں صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، میں ان کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے مشکلات کا شکار ضرور ہوتے ہیں کیونکہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ ان کی من مانیاں ختم ہوں اور کوئٹہ جیسے شہر میں ترقیاتی تبدیلی آئے۔

یہ بھی پڑھیں: آدھی زندگی جیل میں رہنے والے خان علی پوٹلی کوئٹہ کے قبرستانوں کو سرسبز کرنے کے لیے پرعزم

وزیر اعلیٰ میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان میرے تمام وزرا اور کوئٹہ کے تمام منتخب نمائندے ’صفا کوئٹہ‘ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے حکومت بلوچستان مکمل طور پر ’صفا کوئٹہ‘ کی حمایت جاری رکھے گی اور کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ قبول نہیں کی جائے گی، اگر کوئی ہڑتال کرنا چاہتا ہے تو وہ پورا سال کرے مگر عوامی مفاد کے خلاف دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستا ن کے عوام نے مجھے یہ اختیار دیا ہے کہ میں عام شہری کی خدمت کروں، اس خدمت میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا کوئٹہ کا پانی پینے کے لیے غیر موزوں ہے؟

 انہوں نے اعلان کیا کہ ’صفا کوئٹہ‘ پروجیکٹ کو مزید وسعت دی جائےگی اور اس کا دائرہ پورے ضلع کوئٹہ تک پھیلایا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ روزانہ ’صفا کوئٹہ‘ کی سوشل میڈیا رپورٹس کا جائزہ لیتے ہیں، شہر سے متعلق عوام کی رائے کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے خاص طور پر ائیرپورٹ روڈ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکے ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp