بھارت سے مقابلے کو عام میچ کی طرح دیکھیں گے، کوئی دباؤ نہیں، حارث رؤف

جمعہ 21 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے تیز رفتار بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں کوئی دباؤ نہیں ہے اور تمام کھلاڑی پر سکون ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف سہ فریقی سیریز سے باہر، کیا چیمپیئنز ٹرافی کھیل پائیں گے؟

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہا کہ یہ ایک عام کھیل ہے اور پاکستان بھارت کے میچ کو دوسرے کرکٹ میچ کی طرح ہی دیکھے گا۔

حارث رؤف نے تصدیق کی کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 10 اوورز کرائے جس سے ان کی میچ فٹنس ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کو 2  بار شکست دے چکا ہے اور اس بار ایک اور فتح حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

آنے والے میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے فاسٹ بولر نے (نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیم کی شکست کے تناظر میں) کہا کہ اس میچ سے آگے نکل گئی ہے اور اب دبئی کی کنڈیشنز کو اپناتے ہوئے بھارت کے خلاف کھیلنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔

حارث رؤف نے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی اپنی بہترین پرفارمنس دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیے: سہ ملکی سیریز: فاسٹ بولر حارث رؤف کو پسلیوں میں تکلیف، اوور ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے جانا پڑا

انجریز کے بارے میں بات کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ وہ کسی بھی وقت ہو سکتی ہیں حتیٰ کہ کھلاڑی چلتے ہوئے بھی زخمی ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ چیزیں ہمارے قابو سے باہر ہوتی ہیں اس لیے ان کے بارے میں فکر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

فخر زمان اور صائم ایوب کی عدم موجودگی نے خلل ڈالا

ٹیم سلیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے حارث نے تسلیم کیا کہ فخر زمان اور صائم ایوب کی عدم موجودگی نے ٹیم کے کمبی نیشن میں خلل ڈالا ہے۔ تاہم انہوں نے مضبوط پرفارمنس کے ساتھ دستیاب کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: پاک بھارت میچ دکھانے کے لیے بڑی اسکرینیں کہاں کہاں لگائی جائیں گی؟

جب دبئی میں پاک بھارت تصادم کے لیے ٹکٹوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے بارے میں پوچھا گیا تو حارث رؤف نے مزاقاً جواب دیا کہ مجھے میچ کے ٹکٹ یا پاسز کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت اتوار کو دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp