چیمپیئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، اور انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 351 رنز اسکور کیے۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی: براڈکاسٹ میں پاکستان کا نام نہ ہونے پر پی سی بی نے آئی سی سی سے وضاحت مانگ لی
انگلینڈ کے 352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف 47.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے 3 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 165 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ جو روٹ 68، جوز بٹلر 23، جوفرا آرچر 21، لیام لیونگسٹن 14، جیمی اسمتھ 15، فل سالٹ 10، برائیڈن کارس 8 اور ہیری ببروک نے 3 رنز اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ایڈم زمپا اور مارنس لبوشین 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے، جبکہ گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی اننگز
آسٹریلیا کی جانب سے جوش نگلس نے 86 گیندوں پر 120 رنز اسکور کیے اور ناقابل شکست رہے، انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے اور 8 چوکے بھی لگائے، جبکہ گلین میکسویل نے 15 گیندوں پر جارحانہ 32 رنز اسکور کیے۔
اس کے علاوہ مارنوس لبوشین 47، میتھیو شارٹ 63 اور الیکس کیرے نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈکی جانب سے مارک ووڈ اور جوفرا آرچر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جبکہ بریڈن کارس، عادل رشید اور لیام لیونگسٹن بھی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنزٹرافی: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے ہرادیا
گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دی تھی۔ ایونٹ کا اہم میچ پاک بھارت ٹاکرا کل دبئی میں ہوگا۔