کراچی کے چڑیا گھر میں بیمار ہتھنی’نور جہاں’ انتقال کر گئی

ہفتہ 22 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے چڑیا گھر میں بیمار ہتھنی’ نور جہاں ‘ انتقال کر گئی۔

کراچی کے چڑیا گھر میں مقیم ہتھنی ‘نورجہاں’ جانبر نہ ہوسکی اور کئی ماہ کی علالت کے بعد انتقال کرگئی۔ ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ایدمنسٹریٹر کراچی نے ہتھنی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا  ہے کہ گزشتہ روز سے ہتھنی نورجہاں بخار میں مبتلا تھی۔ ہتھنی نورجہاں کو بچانے کے لیے تمام کوششیں کی گئیں، کےایم سی انتظامیہ نے ہر ممکن کوشش کی ہتھنی نورجہاں کو بچایا جا سکے، زندگی اور موت اللہ تعالٰی کے ہاتھ میں ہے، تاہم ہتھنی کے انتقال پر دکھ ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نور جہاں کا علاج عالمی سطح کے ماہرین کے زیر نگرانی کیا گیا۔ گزشتہ دنوں نورجہاں کے علاج کے لیے فور پاز کی ٹیم بھی کراچی آئی تھی۔

کراچی چڑیا گھر کے ڈائریکٹر کنورایوب نے بتایا کہ گزشتہ روز سے ہتھنی نورجہاں کی طبیعت زیادہ خراب تھی، آج صبح سوا 11 بجے ہتھنی نے دم توڑا۔ اس کی طبیعت نومبر سے خراب تھی۔ انہوں نے بتایا کہ فار پاز کی ٹیم کل کراچی پہنچے رہی ہے، فور پاز کی ٹیم خود ہتھنی کا پوسٹ مارٹم کرے گی، پوسٹ مارٹم کے بعد نورجہاں کی تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نور جہاں’ کا مسئلہ کیا تھا؟’

17سالہ نور جہاں ایک افریقی ہتھنی تھی۔ وہ رواں ماہ کے آغاز پر اپنے احاطے میں بنے ایک تالاب میں گرنے کے بعد سے شدید علیل ہو گئی تھی۔ اس واقعے کے فوراً بعد جانوروں کی فلاح و بہبود کی ایک عالمی تنظیم فور پاز نے نور جہاں کو کرین، رسیوں اور بیلٹ سے اٹھانے کی سفارش کی تھی۔

اس کے بعد سے وہ اپنے پنجرے کے احاطے کے اندر موجود واحد درخت کے سامنے ریت کے ایک ٹیلے پر محدود جسمانی حرکت کے ساتھ کمزوری کی حالت میں پڑی رہی تھی۔ فور پاز کی ترجمان کیتھرینا براؤن نے گزشتہ ہفتے اپنی ایک ای میل کے ذریعے کہا تھا ، ”اس وقت اس (نورجہاں) کی حالت بہت نازک ہے۔ ہم اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ وہ جلد از جلد اٹھے، زمین پر بہت زیادہ پڑے رہنے سے اس کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔‘‘

فور پاز کےایک رکن ڈاکٹر امیر خلیل نے گزشتہ ہفتے نورجہاں کے علاج کے لیے اپنے دورے کے دوران بتایا کہ نور جہاں کے پیٹ کے نچلے حصے میں ایک بڑے ہیماٹوما، یا جمے ہوئے خون کا ایک لوتھڑا ہونے کے ساتھ ساتھ اسے آنتوں کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ جانوروں کے اس مصری ڈاکٹر نے اس وقت نور جہاں کو زندہ رہنے کا ایک مضبوط موقع فراہم کیا تھا۔

خیال ہے کہ ہتھنی کی علالت کے باوجود انتظامیہ نے غفلت کا مظاہرہ کیا، اس کا مناسب علاج اور دیکھ بھال نہ کی جس پر اعلی حکام نے ذمہ داریوں سے غفلت برتنے کی شکایت پر کراچی چڑیا گھر کے ڈائریکٹر خالد ہاشمی کو 8اپریل کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp