مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سسٹم ملک کے بیشتر حصوں میں موجود ہے جو اگلے 2 سے 3 دنوں کے دوران بالائی علاقوں اور میدانی علاقوں میں بارشوں اور ژالہ باری مو موجب بن سکتا ہے۔
محمکہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔
گزشتہ روز شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے بارشوں اور برف باری کے نئے سلسلے کی نوید سنادی
بدھ 27 فروری کو خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، بالائی، وسطی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، مری اور گلیات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے جبکہ وسطی بلوچستان کے علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
جمعرات 28 فروری کو خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور شمالی بلوچستان میں اکثرمقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس دوران کشمیر، مری اور گلیات میں موسلادھار بارش اور شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ لینڈ سلائینڈگ بھی کا خدشہ ہے۔