مصطفی عامر قتل کیس میں بہت سے انکشافات میں سے ایک انکشاف ساحر حسن نے یہ بھی کیا کہ کوریئر سروسز ان کے گھر کی دہلیز پر منشیات پہنچاتی ہیں۔
یہ بیان انہوں نے پولیس کے سامنے ریکارڈ کرایا ہے، اس بیان کے مطابق ساحر حسن کی عمر 27 برس ہے اور انہوں نے 14 برس کی عمر یعنی آج سے 13 سال قبل گانجہ پینا شروع کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: مصطفیٰ عامر قتل کیس: ملزم ارمغان کا گھر خالی کروایا جائے، پڑوسیوں کا متعلقہ حکام کو خط
ساحر حسن کے مطابق معروف کوریئر کمپنیاں، ٹی سی ایس اور ایل سی ایس ان کے گھر تک منشیات پہنچاتی ہیں اور ساحر حسن انہیں ہر ہفتے 4 سے 5 لاکھ روپے ادا کرتے ہیں۔
اس بیان کے مطابق ساحر حسن ہر ماہ 1200 گرام گانجہ منگواتے ہیں اور 1 گرام 10 ہزاد روپے میں فروخت کرتے ہیں یوں 12 سو گرام گانجہ 1 کروڑ 20 لاکھ روپے میں فروخت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: مصطفیٰ عامر قتل کیس، اداکار ساجد حسن کے بیٹے کا ارمغان سے کیا تعلق نکلا؟
ساحر حسن کے بیان کے مطابق منشیات کا یہ دھندہ وہ کال پر کرتے ہیں اور ان کے خریدار گھر آکر ان سے منشیات لیتے ہیں۔
ان کے مطابق یہ کام کیش پر ہوتا تھا اور رقم زیادہ ہوتی تھی تو وہ اپنے والد ساجد حسن کے مینجر کا اکاؤنٹ استعمال کرتے تھے۔
واضح رہے کہ مصطفی عامر قتل واقعے کے بعد پولیس حکام کے مطابق تفتیشی ٹیم نے ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے مشہور ٹی وی ادا کار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن سمیت 4 نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اداکار ساجد حسن کے بیٹے سے منشیات بھی برآمد ہوئی ہے، بعدازاں، ساحر کا مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان سے بھی رابطہ ظاہر ہوا تھا۔