قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ انجریز کی وجہ سے ٹیم کا کمبینیشن متاثر ہوا، لیکن بطور کپتان تسلیم کرتے ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اترے، ٹیم کی پرفارمینس سے قوم کو مایوسی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: شعیب اختر نے کپتان محمد رضوان کو ’ایب نارمل‘ کہہ دیا؟ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
راولپنڈی میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان سے رمیز راجا نے سوال کیا کہ فخرزمان اور صائم ایوب کی انجریز کے بعد کیا آپ کو ٹیم سیلیکٹ کرنے میں مشکل پیش آئی؟ جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ جو لڑکے اچھا پرفارم کررہے تھے، انہوں نے آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقہ کے خلاف اچھا پرفارم کیا، اچانک انجریز ہوگئیں جس سے ٹیم کا کمبینیشن متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی میں ہم اچھے رزلٹ حاصل نہ کر سکے، آخری میچ میں فتح حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن بارش ہوگئی، بدقسمتی سے چیمپئنزٹرافی میں ٹیم کی پرفارمنس سے قوم کو مایوسی ہوئی، ہم قبول کرتے ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اترسکے۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم اور محمد رضوان نے ساجد خان کی خواہش پوری کردی
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا گروپ لیول کا 9واں میچ آج پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، تاہم بارش کے باعث میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش گروپ اے میں شامل ہیں اور دونوں اپنے اپنے پہلے میچز ہار چکے تھے۔ گروپ سے بھارت اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔ آج کے میچ نے صرف یہ طے کرنا تھا کہ گروپ میں چوتھی پوزیشن کا اصل حقدار کون ہے۔
بارانِ رحمت کی بدولت میچ منسوخ ہونے پر ایک قیمتی پوائنٹ ملا اور پاکستان نے 4 ٹیموں کے گروپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی۔