راولپنڈی پولیس نے اسٹیڈیم کے قریب گرفتاری پر سوشل میڈیا اطلاعات کو فیک نیوز قرار دے دیا

جمعرات 27 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کے دن اسٹیڈیم کے باہر سے ایک شخص کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس نے ایک جیکٹ پہنی ہوئی ہے جبکہ اس کے پاس سے رائفل بھی برآمد ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اسٹیڈیم: چیمپیئنز ٹرافی میچ کے دوران گراؤنڈ میں گھسنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج

اس حوالے سے پولیس ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ میچ کے دوران اسٹیڈیم سے کچھ فاصلے پر فیض آباد کے قریب ایک مشتبہ شخص کو دیکھا گیا جس کے ساتھ اس کی بیوی بھی موجود تھی پولیس نے جب شخص کو گرفتار کیا تو اس شخص کی حضرت جمال کے نام سے شناخت ہوئی جبکہ اس کی بیوی کا نام شرینہ بی تھا۔

ذرائع نے کہا کہ وہ شخص خیبر پختونخوا کا رہائشی ہے اور وہ اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں مقیم ہے اور اس شخص کے پاس جو اسلحہ تھا اس کا لائسنس موجود تھا جو خیبر پختونخوا سے حاصل کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ حضرت جمال کو جب گرفتار کیا گیا تو اس وقت اس نے ایک بلٹ پروف جیکٹ پہنی ہوئی تھی اور پوچھنے پر اس نے بتایا کہ اس کی اپنے آبائی علاقے میں دشمنی چل رہی ہے لہٰذا وہ جب بھی گھر سے باہر نکلتا ہے تو خود کو محفوظ رکھنے کے لیے بلٹ پروف جیکٹ پہن لیتا ہے۔

مزید پڑھیے: ارباب فیملی کا پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر عدالت جانے کا فیصلہ

راولپنڈی پولیس نے بھی اس حوالے سے اپنا بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر انتہائی گمراہ کن ہے، اس فرد کو حساس مقامات سے دور معمول کی چیکنگ کے دوران وقتی طور پر حراست میں لیا گیا ہے اور وہ کوئی دہشتگردی والا معاملہ نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص پر دہشت گردی کا نہ تو کوئی شبہ ہے اور نہ ہی ایسی کسی بات کا کوئی ثبوت ملا ہے۔

پولیس نے سوشل میڈیا صارفین سے گزارش کی کہ وہ ذمے داری کا مظاہرہ کریں اور حقائق کے منافی گمراہ کن مواد شیئر کرنے سے پرہیز کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp