مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند دکھائی نہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک 1446 ہجری کا پہلا روزہ اتوار 2 مارچ کو ہوگا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ یکم رمضان المبارک بروز اتوار 2 مارچ کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے موقعے پر عوام کو ایل پی جی کی قیمت میں ریلیف
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت جمعے کو ایڈمنسٹریٹر اوقاف پشاورکے دفتر میں منعقد ہوا تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند دکھائی دینے کی کوئی گواہی نہیں مل سکی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پورے پاکستان سے 19 رکنی مرکزی اور 6 زونل کمیٹی کے ممبران شریک تھے۔ مرکزی اجلاس میں ملک بھر کی زونل کمیٹوں سے رابطہ کیا گیا اور چاند نظر نہ آنے کے حوالے سے زونل کمیٹوں کی رپورٹ کے بعد حتمی فیصلہ کردیا گیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے پر چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاند نظر آنے کی حد 7 بجکر 24 منٹ تک تھی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا حافظ عبدالغفور، مولانا یسیٰن ظفر، مفتی علی اصغر ابدالی، مفتی یوسف کشمیری، مفتی فیصل احمد، قاری عبدالرؤف مدنی، حافظ عبدالمالک بروہی، مولانا اشرف علی، مفتی قاری مہر اللہ، صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی، مفتی ضمیر احمد ساجد، مولانا سردار محمد خان لغاری، مولانا اسد ذکریا قاسمی اور زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے اراکی شریک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا تاہم کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی تھا۔
قبل ازیں چاند نظر نہ آنے کی صورت میں لاہور زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں چاند نظر نہیں آیا۔ شہر میں 6 بجکر 32 منٹ تک چاند دیکھا جا سکتا تھا جو نہیں ہوسکا۔
مزید پڑھیے: رمضان سے پہلے پیٹرول پرائس میں کتنا اضافہ ہوسکتا ہے؟
علاوہ ازیں پنجاب کے دیگر اضلاع سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں موصول ہوئی تھی۔
دوسری جانب کراچی اور کوئٹہ میں بھی زونل کمیٹیوں کو چاند دکھائی دینے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
علاوہ ازیں ڈی جی اوقاف خالد محمود سندھو کے مطابق لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کردیا گیا۔
اسی طرح کوئٹہ میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جہاں زونل کمیٹی نے رپورٹ دی کہ صوبے بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی۔ مولانا انوار الحق حقانی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا اس حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو مطلع کردیا گیا ہے۔
اسی طرح اسلام آباد میں زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان وزارت مذہبی امور کے دفتر کی چھت پر چاند دیکھنے کے لیے موجود رہے لیکن انہیں بھی چاند نظر نہیں آسکا جس کی اطلاع مرکزی کمیٹی کو دے دی گئی۔ الغرض چاند دکھائی دینے کی اطلاع ملک کے کسی بھی حصے سے نہیں ملی جس کی بنیاد پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کردیا کہ پہلا روزہ 2 مارچ کو ہوگا۔
قبل ازیں قومی ادارے سپارکو کی جانب سے بھی مطلع کیا گیا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش آج صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ہوئی ہے جس کی وجہ سے آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔
مزید پڑھیں: آج چاند کیوں نظر نہیں آسکتا؟ سپارکو نے بتا دیا
ترجمان سپارکو کے مطابق 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہوگی ، چاند کی کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے ہلال کا نظر آنا مشکل ہے۔
ترجمان کے مطابق آج چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ 7 ڈگری، ہلال انسانی آنکھ سے نظر نہیں آئے گا۔














