بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ٹرافی پہلا سیمی فائنل: آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا، ناک آؤٹ مرحلے میں کس کا پلڑا بھاری؟
آسٹریلیا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہا، اور پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جبکہ جواب میں بھارت نے ہدف 48.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بھارت کی اننگز
بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا اور 84 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ شریاس آئیر 45، کے ایل راہول 42، روہت شرما اور ہاردک پانڈیا نے 28،28 رنز اسکور کیے، جبکہ شمبن گل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی اننگز
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان اسٹیو اسمتھ 73 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے، اس کے علاوہ ایلکس کیری نے 61 اور اوپنر ٹریوس ہیڈ نے 39 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جڈیجا اور ورون چکرورتی 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے کہاکہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کا کہنا تھا کہ چاہے پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پہلا سیمی فائنل: بھارتی کھلاڑیوں نے بازؤوں پر سیاہ پٹیاں کیوں باندھیں؟
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا، جبکہ فائنل اتوار 9 مارچ کو کھیلا جائےگا۔