چین نے کہا ہے کہ امریکا چینی درآمدات پر ٹیرف بڑھانے کے لیے فینٹینائل ڈرگ کو ایک معمولی بہانے کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور ’اگر امریکا جنگ چاہتا ہے، چاہے وہ ٹیرف ہو یا تجارتی جنگ، بیجنگ آخر تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان کا یہ بیان نیویارک ٹائمز کی جانب سے منگل کے روز پوچھے گئے سوال کے ردعمل کے طور پر سامنے آیا ہے، جس میں امریکا کی جانب سے چین سے آنے والی بیشتر اشیا پر ٹیرف میں مزید 10 فیصد اضافے پر ردعمل کا تقاضا کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی جانب سے کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیرف کا نفاذ مؤخر، چین سے مخاصمت برقرار
’فینٹینائل کا مسئلہ چینی درآمدات پر امریکی محصولات میں اضافے کا ایک چھوٹا سا بہانہ ہے، اپنے حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے ہمارے جوابی اقدامات مکمل طور پر جائز اور ضروری ہیں۔‘
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ملک میں فینٹینائل بحران کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ امریکا ہے، امریکی عوام کے ساتھ انسانیت اور خیر سگالی کے جذبے میں، ہم نے اس مسئلے سے نمٹنے میں امریکا کی مدد کے لیے مضبوط اقدامات کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکا کی جانب سے چین پر 10 فیصد ٹیرف ڈیوٹی عائد کرنے سے پاکستان کو کیا فائدہ مل سکتا ہے؟
’ہماری کوششوں کو تسلیم کرنے کے بجائے، امریکا نے چین پر الزام تراشی اور ٹیرف میں اضافے کے ذریعے دباؤ ڈالنے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی ہے، یہ ہمیں مدد کرنے پر سزا دے رہے ہیں، اس سے امریکا کا مسئلہ حل نہیں ہوگا اور ہمارے انسداد منشیات کے مذاکرات اور تعاون کو نقصان پہنچائے گا۔‘
چینی ترجمان نے مزید کہا کہ دھمکیاں ہمیں خوفزدہ نہیں کرتیں، دھونس ہم پر کام نہیں کرتا، دباؤ، زبردستی یا دھمکیاں چین کے ساتھ نمٹنے کا صحیح طریقہ نہیں ہے، جو بھی چین پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کا استعمال کر رہا ہے وہ غلط آدمی کا انتخاب اور غلط اندازہ لگا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینی برآمدات پر ایک اور حملہ، چین کا شدید ردعمل
’اگر امریکا واقعی فینٹینائل کا مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے تو چین کے ساتھ برابری کی سطح پر یکساں سلوک کرنے کا صحیح طریقہ ہے۔۔۔اگر امریکا جنگ چاہتا ہے، چاہے وہ ٹیرف کی جنگ ہو، تجارتی ہو یا کسی اور قسم کی جنگ، ہم آخری دم تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق، چینی ترجمان کا یہ تبصرہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تمام چینی درآمدات پر ٹیرف کو 10 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کے بعد آیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا چین ٹریڈ وار میں پاکستان کے لیے خیر کی خبر
ریاستی کونسل ٹیرف کمیشن کے ایک بیان کے مطابق، چین نے منگل کے روز امریکا سے چکن، گندم، مکئی اور کپاس کی درآمدات پر 15 فیصد محصولات کا اعلان کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی تھی۔