خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں فرائض سرانجام دینے والی خواتین ہمارا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ شہدا، غازیوں کی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی نوجوان خواتین صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں ویمن پولیس اسٹیشن اور ڈیجیٹل ویمن پولیس اسٹیشن دونوں بڑی مستعدی سے کام کررہے ہیں، ان پولیس اسٹیشنز میں خواتین شہریوں کے مسائل کو فوری طورپر حل کیا جاتا ہے، اسلام آباد پولیس میں خواتین کا کردار مرد اہلکاروں سے کم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم خواتین پولیس اہلکاروں کو فرائض کے لیے بہتر ماحول فراہم کررہے ہیں، معاشرتی ترقی کے لیے خواتین کو مساوی مواقع اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ خواتین پولیس تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہیں، خواتین پولیس اہلکاروں کا لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول اور کمیونٹی پولیسنگ میں شاندار کردار ہے۔