’پریانکا کے سیٹ پر ڈائن کی طرح بیٹھی رہتی تھی‘، مدھو چوپڑا کا انکشاف

منگل 11 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی والدہ ڈاکٹر مدھو چوپڑا نے حال ہی میں پریانکا چوپڑا کی بالی ووڈ میں ابتدائی دنوں کی جدوجہد کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح پریانکا کے کام کی جگہ کی نگرانی کرتی تھیں تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مدھو چوپڑا نے کہا کہ ’کیریئر کے ابتدائی دنوں میں، میں سیٹ پر ایک ڈائن (چڑیل) کی طرح بیٹھی رہتی تھی کیونکہ پریانکا بہت چھوٹی تھی اور بہت محفوظ ماحول سے آئی تھی۔ ہمیں یہ سننے کو ملا تھا کہ بالی ووڈ محفوظ جگہ نہیں ہے، اور وہ ہماری واحد بیٹی ہے، تو ہم کوئی خطرہ نہیں اٹھانا چاہتے تھے‘۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ کی اگلی سپر اسٹار کی پیشگوئی کردی؟

ڈاکٹر مدھو چوپڑا نے ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ پریانکا سے ایک پرائیویٹ اسکرپٹ کی کہانی سننے کے لیے کہا گیا تھا اور ڈائریکٹر نے یہ اصرار کیا کہ ان کی والدہ باہر چلی جائیں۔ تاہم پریانکا نے فوراً اس بات کو مسترد کر دیا اور وہاں سے باہر نکل آئیں۔

پریانکا چوپڑا نے کہا کہ ’اگر آپ میری ماں کے سامنے اسکرپٹ نہیں سنا سکتے، تو کیا آپ سمجھتے ہیں کہ میں فلم کروں گی؟ نہیں، میں نہیں کروں گی‘۔ مدھو چوپڑا نے بتایا کہ ’پریانکا چوپڑا ہمیشہ بہت پُرعزم رہیں، وہ فلم کھونے سے نہیں ڈرتی تھیں اور ہمیشہ ان کے پاس پلان بی تھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ کیوں چھوڑا اور ہالی ووڈ کا تجربہ کیسا رہا؟

پریانکا کی والدہ نے بتایا کہ ’میں پریانکا سے ہمیشہ کہتی تھی کہ اگر تم خود کو چونی کی طرح پیش کرو گی تو لوگ تمہیں ویسا ہی دیکھیں گے لیکن اگر تم اپنے آپ کو روپیہ بناؤ گی تو لوگ تمہاری قدر کریں گے اور تمہیں کچرا نہیں سمجھیں گے‘۔

دوسری جانب بالی ووڈ سے کنارہ کشی کے بعد اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی توجہ ہالی ووڈ کی طرف مبذول کر لی۔ پریانکا چوپڑا ان دنوں اپنی ہالی ووڈ فلموں ’ہیڈز آف اسٹیٹ‘ اور ’دی بلف‘ کی تیاری کر رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp