وزیراعظم کے مشیر اور سینیئر ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشتگرد پاکستان کے مجرم اور دشمن ہیں۔
ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنانے والے دہشتگردوں سے براہ راست نبرد آزما ہے، جب سے جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہوا ہے، جن لوگوں کو وہاں پہنچنا تھا وہ پہنچ گئے ہیں، مقامی عہدیداروں سے لے کر آرمی چیف تک سب وہاں رابطے میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: جعفر ایکسپریس یرغمالیوں سے چھڑوانے کے لیے آپریشن جاری، 54 مسافروں کو کوئٹہ پہنچا دیا گیا
رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم یہاں بیٹھ کر واویلا شروع کردیں تو وہاں آپریشن کو کس طرح فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ اس وقت وہاں آپریشن ہورہا ہے، اس لیے ابھی میڈیا میں بیان بازی اور واویلے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کو مکمل ہونے دیں، اس کے بعد پوری تفصیلات دی جائیں گی، جن مجرموں نے یہ مذموم حرکت کی ہے چند گھنٹے بعد دیکھیں وہ کس انجام سے دوچار ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے ڈھاڈر میں دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنا لیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے اب تک ایک سو سے زائد یرغمالیوں کو چھڑا لیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت ٹرین میں 400 کے آس پاس مسافر سوار تھے۔