وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک سالہ حکومتی کارکردگی رپورٹ پیش کردی

بدھ 12 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جس میں مختلف شعبوں میں ہونے والی اہم پیشرفت اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، اراکین اسمبلی، بیوروکریٹس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اپنے خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت کے تمام اقدامات پارٹی قیادت کے وژن کے مطابق ہیں، سندھ حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ مرکوز کی ہے جس سے خطے میں ٹیکنالوجی کی حالت بدل گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں زرعی ٹیکس کے نفاذ کی تیاریاں، وزیراعلیٰ نے گرین سگنل دیدیا

انہوں نے ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقیوں کا تقابل اپنے زمانہ طالب علمی کی تکنیکی ترقیوں سے کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ زیادہ ٹیکنالوجی پر مبنی مستقبل کی جانب گامزن ہے۔

مراد علی شاہ نے کئی اہم کامیابیوں کی نشاندہی کی جن میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ’ہاری کارڈ‘ کا اجرا بھی شامل ہے، جس کے ذریعے کسانوں کو ڈیجیٹل طور پر رجسٹر کیا گیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ سندھ حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران کسانوں کو 28 ارب روپے فراہم کیے ہیں جس سے ہزاروں افراد مستفید ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: خواہش ہے سندھ کے عوام کو صوبائی حکومت کی جانب سے سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو، بلاول بھٹو

مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران 13,428 طلبا نے کامیابی سے گریجویشن کیا ہے، اسی طرح سندھ حکومت نے 196 نئی سڑکوں کی اسکیمیں شروع کی ہیں جن میں 2500 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔

مزید برآں، 14 سرکاری عمارتوں کو سولرائز کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ان عمارتوں سے توانائی کی کھپت میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

زراعت کے حوالے سے مرادعلی شاہ نے بتایا کہ حکومت نے گندم کے معیار کی نگرانی کے لیے ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، تاکہ اس وقت اسٹاک میں موجود اناج اچھے معیار کا ہو۔

مزید پڑھیں: بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیا جائے؟ مراد علی شاہ کی نام لیے بغیر پنجاب حکومت پر تنقید

انہوں نے پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ کی کامیابی کی نشاندہی بھی کی، جو خطے میں سب سے بڑا ہاؤسنگ اقدام ہے، جہاں 20 ملین تصدیق مکمل ہو چکی ہے، اور 4 لاکھ گھر پہلے ہی تعمیر ہو چکے ہیں۔

مزید برآں، سندھ حکومت نے 1.1 ملین بینک اکاؤنٹس کھولے ہیں، جس میں ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہاؤسنگ پروجیکٹ کا دورہ کیا اور اس کی شفافیت کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سالانہ 90 ملین روپے مختص کیے ہیں اور بتایا کہ گمبٹ ہسپتال نے جگر کی 1,185 پیوندکاریاں کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا کام بولتا ہے، چاہتے ہیں پنجاب میں بھی عوام کو علاج مفت ہو، بلاول بھٹو

سندھ حکومت نے جناح اسپتال میں تیسرا سائبر نائف بھی نصب کیا اور نئے انڈس اسپتال کمپلیکس میں 18 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی، جبکہ کراچی کے ٹراما سینٹر میں 13 ہزار سے زائد سرجری کی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp