ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے حنیف عباسی کے بیان کو ’خدا حافظ چین‘ کا سرکاری اعلان قرار دیدیا

اتوار 16 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ایم ایل ون پر بیان کو ’خدا حافظ چین‘ کا سرکاری اعلان قرار دے دیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر ریلوے نے چین کو لال جھنڈی دکھا دی ہے، حنیف عباسی نے ایم ایل ون خود بنانے کا بیان دے کر چین کو کیا پیغام دیا ہے؟

یہ بھی پڑھیے: ریلوے کے شعبے میں بھارت کا مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے، حنیف عباسی

ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان چین کی طرف سے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع کے باوجود دیا ہے، اسحاق ڈار کے منفی بیان کے بعد حنیف عباسی کا بیان چین پاکستان تعلقات پر ایک اور خودکش حملہ ہے۔

بیرسٹر سیف نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز حکومت افغانستان کے بعد اب چین کے ساتھ تعلقات بھی خراب کر رہی ہے، شہباز شریف کے وزیر ریلوے کا مائنس چین ایم ایل ون بنانے کا اعلان پالیسی شفٹ کا اعلان ہے، اگر دفترخارجہ اس بیان کی وضاحت نہیں کرتا تو اسے سرکاری پالیسی سمجھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: محمود اچکزئی کا جو مذاق بانی پی ٹی آئی نے اڑایا، میں ہوتا توادھرکبھی منہ بھی نہ کرتا، حنیف عباسی

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملازمین کو 15ویں روزے اور 16 تاریخ تک تنخواہیں نہ دے سکنے والی حکومت ایم ایل ون ایفی ڈرین کی آمدن سے بنائے گی؟ لگتا ہے کہ وزیر موصوف نے ایفی ڈرین کے زیر اثر بیان دیا ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے گزشتہ دنوں راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر حنیف عباسی کی میڈیا ٹاک کا کلپ بھی شئیر کر دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp