بین الاقوامی سرچ انجن گوگل نے پاکستان میں پہلی ایپ گروتھ لیب کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
گوگل کے اس پروگرام سے کاروبار کو وسعت دینے کے خواہشمند پاکستانی ایپ ڈویلپرز، کمپنیز اور اسٹوڈیوز گوگل کے ماہرین اور صنعتی ماہرین کے تجربے سے سیکھ سکیں گے۔
گزشتہ سال گوگل کی جانب سے پاکستان میں گیمنگ گروتھ لیب کا قیام عمل میں لایا گیا، اب ملک میں پہلی ایپ گروتھ لیب کے قیام سے ایپ انڈسٹری کو مقامی اور عالمی سطح پر ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے لیے گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا’ ہمیں فخر ہے کہ ہم آج موجودہ اور مستقبل کے مقامی ڈویلپرز کی مدد کے لیے ایپ گروتھ لیب کے قیام کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ لیب ڈویلپرز کو بین الاقوامی صارفین تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے گی۔
فرحان قریشی نے مزید بتایا کہ ہم اپنی جاری کوششوں کے ذریعے پاکستانی ڈویلپرز کو دنیا کی بہترین ایپلی کیشنز بنانے میں ان سے مدد کی توقع رکھتے ہیں۔ ایپ گروتھ لیب کے 4بڑے مقاصد رکھے گئے ہیں۔
سب سے پہلے کمپنی کے لیے حکمت عملی بنائی جائے جس کے ذریعے بین الاقوامی طرز کی ایپ اور گیمنگ کے مواقع دریافت کیے جا سکیں۔
دوسرا یہ کہ ایسی ایپس تیار کی جائیں جس میں صارف کو مرکزیت حاصل ہو۔
تیسرے نمبر پر ایپ کی ابتدائی کامیابی کے لیے گوگل کے ٹولز سے استفادہ کرتے ہوئے ایسے ماڈل تیار کیے جائیں جن سے مالی فائدہ اٹھایا جا سکے۔ جبکہ چوتھا بڑا مقصد یہ ہے کہ ان ایپس کے ذریعے عالمی مارکیٹ میں اپنی ساکھ بنائی جا سکے۔
پروگرام میں شامل ہونے کے لیے مقامی ڈویلپرز 22 مئی تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔