پاکستان کے سپر اسٹار کرکٹر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے تعزیتی ملاقات میں محسن نقوی کو کرکٹ یا وزرات داخلہ میں سے کوئی ایک ذمہ داری دینے کی سفارش کی ہے۔
شاہد آفریدی کے قریبی ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے 5 اپریل کو ہونے والی ملاقات میں شاہد آفریدی نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔ اس دوران گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ محسن نقوی مخلص ہوں گے مگر کرکٹ بورڈ کو سنبھالنا ایک فل ٹائم جاب ہے اور اس کو پوری توجہ کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ وفات پاگئیں، صدر، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی شخصیات کا اظہار افسوس
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو بیوروکریٹس کے حوالے کرنا درست اقدام نہیں کیونکہ وہاں سے مستقبل کی کرکٹ ٹیم کی تشکیل ہوتی ہے۔ پاکستان کرکٹ ان کی دنیا بھر میں پہچان ہے اور وہ چاہتے ہیں کرکٹ میں مسلسل ابتری کا سلسلہ اب رک جائے۔
آفریدی کے قریبی ذرائع کے مطابق انہوں نے ملاقات میں ٹیم کے کپتان کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں کی۔ شاہد آفریدی پُر امید ہیں کہ ان کی تجویز کے بعد قومی کرکٹ کے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔