چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر سے جنوبی اور وسطی ایشیا امور کے سینیئر بیورو افسر ایرک میئر کی قیادت میں امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کے دوران امریکی وفد کی جانب سے معدنیات سے متعلق باہمی شراکت کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں ہونے والی مفاہمتی یادداشتیں
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں امریکی وفد نے پاکستان منرلز فورم 2025 کے انعقاد کی تعریف کی اور پاکستان کی معدنیات میں سرمایہ کاری کی پالیسی کو سراہا جبکہ ایرک میئر نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری پر اعتماد کا اظہار کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران ایرک میئر نے کہاکہ امریکا معدنیات کے شعبے میں پاکستان سے باہمی تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں بدلتی عالمی صورتحال اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں مایوسی کی گنجائش نہیں، پاکستان عالمی معدنی معیشت میں رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے، آرمی چیف
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران فریقین کی جانب سے حکومتی اور انفرادی سطح پر دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر اتفاق بھی ہوا۔