انگلینڈ کے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ کے نئے کپتان ہیری بروک نے کہا ہے کہ انہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پیسوں سے زیادہ اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی عزیز ہے۔
بطور کپتان اپنی نامزدگی کے بعد انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں صرف اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں جس طرح گزشتہ کئی سالوں سے کررہا ہوں، میں پرامید ہوں کہ یہ ٹیم کو آگے لے جانے میں موثر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: ہیری بروک انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان مقرر کر دیے گئے
واضح رہے کہ ہیری بروک کو دہلی کیپیٹلز کی طرف سے بولی دے کر آئی پی ایل کے لیے منتخب کیا گیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے لیگ سے علیحدگی اختیار کی جس کے بعد ان پر 2 سالوں کے لیے پابندی لگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے زیادہ پسند انگلینڈ کے لیے کرکٹ کھیلنا ہے اور اس کے لیے یہاں وہاں سے تھوڑے بہت پیسوں کا نقصان کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔
ہیری بروک نے یہ بھی کہا ہے کہ اس سال انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ کرکٹ کی ایشز سیریز جیتنا ان کی ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 26 سالہ ہیری بروک کو جوس بٹلر کی جگہ وائٹ بال کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ جوس بٹلر فروری میں انگلینڈ کے چیمپئینز ٹرافی سے باہر ہونے کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔