فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر سنی دیول، امیشا پٹیل اور ماورا حسین بول اٹھے

جمعرات 10 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اور پاکستانی اداکاروں نے فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ فلم کے ریلیز ہونے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جس پر سنی دیول، امیشا پٹیل اور ماورا حسین ان کے دفاع میں سامنے آ گئے۔

بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ فنکار سرحدوں سے بالاتر ہو کر پوری دنیا کے لیے کام کرتے ہیں۔ دنیا اب گلوبل ولیج بن چکی ہے تو ملکوں کے درمیان پابندیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

 پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ایسی باتوں کو دل پر نہیں لیتیں، دنیا ہمیشہ سے اسی طرح چلتی آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تقدیر میں ایسا ہونا لکھا ہوگا تو ایسا ہی ہوگا کوئی روک نہیں سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ’فلم ریلیز نہیں ہونے دیں گے‘، فواد خان کی بالی ووڈ فلم ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار کیوں؟

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں اس طرح کی دھمکیوں کو اپنے کام پر اثر انداز نہیں ہونے دیتی اور ہمیشہ وہی کام کرتی ہوں جو مجھے پسند ہو‘۔ اور ایسی صورتحال پروڈیوسرز کا سر درد بنتی ہے جو ان کا مسئلہ ہے اداکاروں کا نہیں۔

ماورا حسین نے فواد خان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ فلم ’عبیر گلال‘ باکس آفس پر کامیاب ہوگی۔

بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل نے کہا ہے کہ انہیں فواد خان ہمیشہ سے پسند ہیں، اور فن تو فن ہوتا ہے اور اس میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے، دنیا بھر میں غیر ملکی فنکاروں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے چاہے ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو۔

اداکارہ امیشا پٹیل نے کہا کہ پاکستانی اداکار فواد خان پہلے بھی بھارت میں کام کرچکے ہیں اور مجھے وہ پہلے بھی بہت پسند تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ ریدھی ڈوگرا نے فواد خان کے ساتھ فلم کرنے سے پہلے کونسی تحقیقات کیں؟

واضح رہے کہ فلم ’عبیر گُلال‘ رواں برس 9 مئی کو ریلیز ہو گی۔ اس میں فلم میں لیزا ہیڈن، رِدھی ڈوگرا، فریدہ جلال اور پرمیت شیٹھی سمیت متعدد انڈین اداکار کام کر رہے ہیں۔ فلم  کی کہانی 2 ایسے کرداروں کے گرد گھومتی ہے جو زندگی میں کئی جذباتی مشکلات سے گزر چکے ہیں اور اچانک ایک دوسرے سے مل کر غیر متوقع طور پر ایک دوسرے کے زخموں کو بھرنے لگتے ہیں جس کا نتیجہ محبت میں نکلتا ہے۔ فلم میں ردھی ڈوگرا، فواد خان اور وانی کپور ہیں۔

اس سے قبل فواد خان نے 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا جس میں ان کے ساتھ سونم کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا۔ بعدازاں فواد خان فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’فواد خان کو شرم آنی چاہیے‘، سوشل میڈیا پر اداکار کے بائیکاٹ کی مہم کیوں؟

یاد رہے کہ بھارت نے 18 ستمبر کو کشمیر میں اڑی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں انڈین موشن پکچرز پروڈیوسرز ایسوسی ایشن (آئی ایم پی پی اے) نے پاک۔ بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر بالی ووڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اور ہندو انتہا پسند گروہوں نے بھی بالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی اداکاروں کو دھمکی دی تھی۔

ہندو گروپ ایم این ایس نے پاکستانی فنکاروں کو بھارت سے نکل جانے کا کہا تھا جس کے بعد پاکستانی فنکار وطن واپس آگئے تھے۔

پابندی سے پہلے کئی پاکستانی فنکاروں نے بالی ووڈ میں کامیابی حاصل کی۔ جن میں فواد خان اور ماہرہ خان بھی شامل ہیں۔ فواد خان نے ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں اپنی اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا، ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ ’رئیس‘ میں اداکاری کی جبکہ علی ظفر نے ’تیرے بن لادن‘ اور ’ڈیئر زندگی‘ میں اپنی پہچان بنائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp