معروف پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے عالمی شہرت یافتہ فلم ڈائریکٹر میتھیو وان سے مل کر فلم اسٹوڈیو کی بنیاد رکھ کر شوبز انڈسٹری میں باقاعدہ قدم رکھ دیا ہے۔
اس جدید فلم اسٹوڈیو کا نام ’یو آر۔مارو‘ رکھ دیا گیا ہے۔ اس اسٹوڈیو میں جدید اور روایتی سینیما تکنیک کے ذریعے سے فلمیں بنائی جائیں گی۔
اس اسٹوڈیو میں اب تک 2 فلمیں بن چکی ہیں جبکہ تیسری فلم ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ اب تک سامنے آنے والے معلومات کے مطابق یہ فلمیں ایکشن سیریز کا حصہ ہیں تاہم ان کی ریلیز کے بارے میں اب تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: کرسٹیانو رونالڈو: سال 2024 کے سب سے مہنگے اتھلیٹ نے کتنے ملین ڈالر کمائے؟
رونالڈو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ایک نئے کاروباری سفر کا آغاز میری زندگی کا ایک ’پرجوش باب‘ ہے۔
رونالڈو گزشتہ 2 سالوں سے فٹبال کے علاوہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وجہ سے خبروں کی سرخیوں میں آگئے ہیں۔ اس سے قبل 2023 میں انہوں نے پرتگال کے ایک بڑے میڈیا گروپ میں سرمایہ کاری کی جبکہ گزشتہ سال ’یو آر رونالڈو‘ کے نام سے اپنا یوٹیوب چینیل بھی بنا دیا جس نے 24 گھنٹے کے اندر لاکھوں سبسکرائبر حاصل کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔