صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کردیا، جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نے جسٹس علی باقر نجفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کو جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کی تھی، نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی تقرری حلف اٹھانے کی تاریخ سے موثر ہو گی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی بطور سپریم کورٹ جج کے تقرری آئین کے آرٹیکل 177(1) اور 175A(8) کے تحت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس علی باقر نجفی سپریم کورٹ کے جج اور شوکت صدیقی جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے
واضح رہے کہ 11 اپریل کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ میں تعیناتی کے لیے مختلف ججوں کے ناموں پر غور وخوض کے بعد جسٹس علی باقر نجفی کا نام فائنل کیا تھا۔
جسٹس علی باقر نجفی کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کا فیصلہ اکثریتی رائے سے کیا گیا تھا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر خان اور سینیٹر علی ظفر نےبھی جسٹس باقرنجفی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔