وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں ہمارے سفیر ہیں، اپنا سرمایہ پاکستان لے کر آئیں، اور مسلح افواج سمیت پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنے والوں کو بے نقاب کریں۔
اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی کنونشن میں شرکت کو سلام پیش کرتا ہوں، تارکین وطن ملک سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بیرون ملک سے موبائل لانے پر ٹیکس میں کمی، وزیراعظم شہباز شریف نے خوشخبری سنادی
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک سچے پاکستانی اور عظیم پروفیشنل ہیں، کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
انہوں نے کہاکہ ایک کروڑ سے زیادہ پاکستانی دنیا کے مختلف حصوں میں آباد ہیں، جنہوں نے شبانہ روز محنت سے اپنا نام کمایا، تارکین وطن وطن ہمارے سروں کا تاج ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں پر جتنا کچھ نچھاور کیا جائے وہ بھی کم ہے، ہم ہر سال 15 اوورسیز پاکستانیوں کو سول ایوارڈ سے نوازیں گے۔
انہوں نے کہاکہ 2018 میں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، لیکن پھر ملک میں دہشتگروں کو لاکر بسا دیا گیا، ہمیں معلوم ہے کہ ان دہشتگردوں کو کس کی سپورٹ ہے اور کون فنڈنگ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ افواج پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف جو جہاد کیا اس کی مثال عصر حاضر نہیں ملتی، آرمی چیف کے دل میں جو ہوتا ہے وہی زبان پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کا جوان ہم سب کی حفاظت کے لیے اپنے بچوں کو یتیم کرجائے اور پھر سوشل میڈیا پر اس کے خلاف جو زہر اگلا جائے تو کیا وہ برداشت کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے کوئی نرم گوشہ رکھ سکتا ہے، یہی فرق ہے ہارڈ اسٹیٹ اور سافٹ اسٹیٹ میں، ہارڈ اسٹیٹ کے یہی تقاضے ہیں جب کہ سافٹ اسٹیٹ کے جو دوسرے تقاضے ہیں وہ آپ اچھی طرح جانتے ہیں۔
وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اعلانات کرتے ہوئے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد میں عدالتیں قائم کردی گئی ہیں جبکہ پنجاب میں اس پر کام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی سہولت فراہم کی جائےگی۔ اس کے علاوہ ان کے بچوں کے لیے میڈیکل کالجز میں 15 فیصد کوٹہ مختص کیا جائےگا، جبکہ جامعات میں بھی کوٹہ 5 فیصد ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ بورڈ آف ریونیو پنجاب میں اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی سیل بنا دیا گیا، جبکہ اب تمام اوورسیز پاکستانیوں کو فائلر سمجھا جائےگا۔
شہباز شریف نے اپنے اعلان میں کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے 5 ہزار بچوں کو ہنر سکھایا جائےگا، جبکہ تارکین وطن کی سہولت کے لیے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنایا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں 3 روزہ اوورسیز کنونشن، شرکاء کیا کہتے ہیں؟
انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر ہماری برآمدات سے زیادہ ہیں۔ نواز شریف نے ایئرپورٹس پر جس گرین چینل کا آغاز کیا تھا، چند ہفتوں میں آپریشنل ہو جائےگا۔