جنوبی وزیرستان: دوتانی قبائل کا فتنتہ الخوارج کے خلاف تاریخی اعلان، دہشتگردوں کے لیے زمین تنگ

جمعرات 17 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی وزیرستان میں دوتانی قبائل نے فتنتہ الخوارج دہشتگردوں کے خلاف قومی جرگہ بلا کر متحدہ مزاحمت کا اعلان کر دیا ہے۔ قبائل کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا جب حال ہی میں دہشتگردوں نے دوتانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے کانسٹیبل حمید شاہد اور اشرف کو اغوا کے بعد شہید کردیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بہیمانہ کارروائی کے خلاف دوتانی قبائل نے قبائلی روایات کے تحت قومی سطح پر اکٹھ کیا اور دہشتگردوں کے خلاف صف بندی کا فیصلہ کیا۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعلان دہشتگردوں کے لیے واضح اور دو ٹوک پیغام ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام اب مزید خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔

مزید پڑھیں: فتنہ الخوارج کو خیبرپختونخوا میں عوامی رد عمل کا سامنا، سیکیورٹی اہلکار کا اغوا ناکام

ماہرین کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام نے دہشتگردوں کے خلاف کھل کر مزاحمت کا اعلان کیا ہو۔ 12 اپریل کی رات بھی ڈی آئی خان اور ڈی جی خان کے سرحدی علاقے میں مقامی عوام نے خوارج کو گاؤں سے بھگا دیا تھا، جس کے بعد عوام نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی بھی قیمت پر دہشتگردوں کو اپنے علاقوں میں گھسنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دوتانی قبائل کا تازہ اعلان دہشتگردوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کی جانب سے اس مزاحمتی لہر نے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں نئی امید پیدا کی ہے۔ اب دہشتگردوں کے لیے اس خطے میں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں بچے گی۔

مزید پڑھیں: کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کا اہم کارکن گرفتار کرلیا

ماہرین نے کہا کہ عوامی اتحاد اور قبائلی غیرت پر مبنی اس مزاحمت نے ثابت کر دیا ہے کہ فتنتہ الخوارج کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اور یہ اتحاد پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید بن چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp