ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو اے 320 طیاروں کے لیے اپ گریڈ کیا جائے گا: پی اے اے

بدھ 23 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی ماہانہ ای-کچہری آج ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید کی صدارت میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو اے 320 طیاروں کے لیے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور یہ منصوبہ آئندہ سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرسائیڈ اور پارکنگ کی سہولیات کو بہتر بنانے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، گوادر سے پنجاب کے لیے پروازوں کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ ایک بزنس پلان تیار کر لیا گیا ہے جس میں فضائی کمپنیوں کو پرکشش مراعات کی پیشکش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ڈرونز سے متعلق جامع پالیسی جلد مرتب کرلی جائے گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی

ای کچہری کے دوران عوام کی جانب سے پروازوں کی تاخیر، سامان کے گم ہونے اور عملے کے رویے سے متعلق شکایات سامنے آئیں جنہیں ڈی جی نے فوری طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھیجنے کی ہدایت کی۔ لاہور ایئرپورٹ پر ایک بچے کو چوٹ لگنے کے واقعے پر انہوں نے تمام ایئرپورٹس پر فرسٹ ایڈ کٹ میں ٹیٹنس کے ٹیکے شامل کرنے کا حکم دیا۔

علاوہ ازیں، پی اے اے نے کہا ہے کہ نیا سکھر ایئرپورٹ زیر غور ہے، منظوری کی باتیں قبل از وقت ہیں، مظفرآباد میں نئے ایئرپورٹ کی تعمیر زیرغور نہیں۔

پی اے اے کا کہنا ہے کہ نئے ایئرپورٹس کی تعمیر میں کئی مراحل شامل ہوتے ہیں، مشاورت، فزیبلٹی اور منظوری کے مراحل انتہائی ضروری ہوتے ہیں، مظفرآباد اور سکھر میں نئے ایئرپورٹس کی تعمیر کی منظوری دیے جانے سے متعلق گردش کرتی خبریں قبل از وقت اور غیر مصدقہ ہیں

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے 25 منزلہ ہیڈکوارٹر کی منظوری

ژوب ایئرپورٹ پر کنٹریکٹ اور ائیرپورٹ سروسز ملازمین (اے پی ایس) کے عملے کی تنخواہوں اور کنٹریکٹ سے متعلق معاملات پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ نے کہا کہ یہ معاملہ زیر غور ہے اور جلد فیصلے متوقع ہیں۔ ای کچہری کے اختتام پر انہوں نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی تجاویز سے بہتری کے لیے رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp