راہول گاندھی نے اذان کی آواز پر تقریر روک دی، ویڈیو وائرل

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرناٹک کےشہر تمکورو میں جلسۂ عام سے خطاب کرنے کے دوران اذان بلند ہوئی تو کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اپنی تقریر روک دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کرناٹک اسمبلی انتخاب کے سلسلے میں تمکورو میں خطاب کر رہے تھے جس کے دوران قریبی مسجد سے اذان کی آواز آئی اس پر کانگریسی لیڈر کے سی وینوگوپال ان کے پاس آئے اور اذان کی جانب توجہ دلائی جس پر راہول گاندھی فوراً خاموش ہو گئے اور اشارے سے دیگر افراد کو بھی خاموش ہونے کو کہا۔

اس موقع کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راہول گاندھی عوام سے خطاب کرنے کے دوران اذان کے باعث اچانک رک گئے اور پھر جب اذان مکمل ہو گئی تو انہوں نے اپنی تقریر دوبارہ شروع کی۔

قبل ازیں اپنے خطاب میں راہول گاندھی نے ریاست کی بی جے پی حکومت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس بار اپنی حکومت بنائیں اور مضبوطی کے ساتھ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مرتبہ بھی آپ نے بی جے پی کی حکومت نہیں بنائی تھی لیکن بی جے پی نے اراکین اسمبلی کو خرید کر اور جمہوریت کو نیست و نابود کر اپنی حکومت بنا لی۔

راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ تین سالوں میں بی جے پی نے صرف بدعنوانی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرناٹک کے لوگ بھی بی جے پی حکومت کو 40 فیصد کی حکومت کہتے ہیں کیوں کہ وہ ہر کام میں عوام سے 40 فیصد کمیشن لیتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp