قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اپنے دل کی بات زبان پر لے آئے ہیں اور کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں ون ڈے کرکٹ میں چوتھے نمبر پر کھیلوں کیوں کہ میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے خوش نہیں ہوں۔
پانچ نمبر پر میں خوش نہیں ہوں میں چاپتا ہوں کہ چار نمبر پر کھیلوں لیکن ضروری نہیں جو مجھے پسند ہو وہیں ملے۔ محمد رضوان pic.twitter.com/IwNbfYzrvk
— Muhammad Faheem (@MeFaheem) May 1, 2023
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر پچھلے میچ کو بھول کر میدان میں اترتے ہیں اور ہر میچ ہمارے لیے نیا ہوتا ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ کنڈیشنز کو دیکھ کر پرفارم کریں۔ کون سے میچ میں کتنا اسکور بنتا ہے یہ پچ پر منحصر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ہر کسی کی کھیلنے کی اپنی ایک پوزیشن ہوتی ہے۔ کپتان اور کوچ جیسے کہیں گے میں ویسے ہی کروں گا لیکن میری خواہش ون ڈے کرکٹ میں چوتھے پر بیٹنگ کی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی اللہ تعالیٰ نے الگ خوبی بنائی ہے۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہم اپنے طے ہدف تک آ گئے تھے اس لیے عماد نے سنگل لیا تھا۔ آخر میں رن نہ کرنا میری غلطی تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری خواہش اپنی جگہ مینجمنٹ جس نمبر پر بھی بیٹنگ کے لیے کہے گی میں کرنے کے لیے تیار ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ 3 مئی کو شہر قائد کراچی میں کھیلا جائے گا۔