سندھ اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کامیاب قرار پائے ہیں۔
وقار مہدی کو 111 ووٹ ملے جبکہ 2 ووٹ مسترد ہوئے، ان کے مدمقابل ایم کیو ایم کی امیدوار نگہت کو 36 ووٹ حاصل ہوئے۔
واضح رہے کہ معروف سیاستدان اور دانشور سینیٹر تاج حیدر کے انتقال کے بعد سینیٹ کی خالی ہونے والی جنرل نشست پر آج سندھ اسمبلی میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی۔ پولنگ صبح 9 سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔
یہ بھی پڑھیے: سینیٹ انتخابات کا مرحلہ مکمل: کس جماعت کو کتنی سیٹیں ملیں؟
اس نشست کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دیرینہ کارکن اور تنظیمی امور کے ماہر وقار مہدی کو نامزد کیا تھا، جو موجودہ حکومت میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا شمار پارٹی کے وفادار اور متحرک رہنماؤں میں ہوتا ہے۔
دوسری جانب نگہت مرزا ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے میدان میں تھیں، جو خواتین کے حقوق، بلدیاتی نظام اور شہری سندھ کے مسائل پر آواز بلند کرتی رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان پیپلز پارٹی کے انتقال کرجانے والے سینیئر رہنما سینیٹر تاج حیدر کون تھے؟
ایوان میں پیپلز پارٹی کو 116 ارکان کے ساتھ واضح اکثریت حاصل تھی جبکہ ایم کیو ایم کے پاس 36 اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کی تعداد 5 ہے۔
سینیٹ کی نشست پر کامیابی کے لیے کم از کم 81 ووٹ درکار تھے، جس سے یہ واضح تھا کہ پیپلز پارٹی کو فتح کے لیے عددی لحاظ سے کوئی بڑا چیلنج درپیش نہیں۔